پی ایس ایل 6 کے میچز دیکھنے کے لیے شائقین کو رت جگا کرنا ہوگا

پاکستانی وقت کے مطابق میچز رات کے وقت کھیلے جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز دیکھنے کے لیے شائقین کو رت جگا کرنا پڑے گا کیونکہ پاکستانی وقت کے مطابق میچز رات کے وقت کھیلے جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے بقیہ میچز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے جو 9 سے 24 جون تک ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق تمام بقیہ میچز ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے دوران کوالیفائر اور ایلیمینیٹرون سمیت 6 ڈبل ہیڈر میچز رکھے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل سیزن 6 دوبارہ خطرے میں پڑگیا؟

پاکستان شائقین کو پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز دیکھنے کے لیے رت جگا کرنا پڑے گا۔ جس دن ایونٹ کا ایک میچ ہوگا تو وہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ جبکہ جس روز ایونٹ کے 2 میچز ہوں گے اس دن پاکستانی وقت کے مطابق پہلا میچ شام 6 بجے اور دوسرا میچ رات 11 بجے کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل 6 کے نئے شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا مجموعی طورپر 15واں اور ابوظہبی میں پہلا میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان 9 جون کو کھیلا جائے گا۔

بدھ کے روز لاہور قلندرز اور اسلام آبا د یونائیٹڈ کی ٹیموں نے ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں ٹریننگ کی۔ جمعرات سے ایونٹ میں شریک دیگر 4 ٹیمیں تربیتی سیشنز کا آغاز کریں گی۔ جن کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف نے 7 روز قرنطینہ میں گزار لیے ہیں اور ان کے تینوں پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں انہیں ٹریننگ سیشنز میں شرکت کی اجازت مل گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ پی سی بی کے لیے پاکستان سپر لیگ کی پذیرائی اور ساکھ بڑی ‏اہمیت کی حامل ہے اور خوشی ہے کہ ہمارے فیصلوں کی بدولت لیگ کا چھٹا ایڈیشن مکمل ‏ہونے جارہا ہے۔

ادھر کرکٹ کے شائقین پی ایس ایل 6 کے دوبارہ شروع ہونے پر بہت پرجوش ہیں اور وہ رات کے اوقات میں کھیل کا مختصر ترین فارمیٹ دیکھنے کے لیے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر