ثانیہ مرزا اور شعیب ملک دبئی میں اسپورٹس اکیڈمی کھولیں گے

ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ دبئی میں اسپورٹس اکیڈمی کھولنے کا مقصد وہاں کے عوام کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔

پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا رواں برس اگست سے دبئی میں اسپورٹس اکیڈمی کا آغاز کریں گے جہاں ٹینس اور کرکٹ سکھائی جائے گی۔

اسپورٹس اکیڈمی کا اعلان جاپانی ٹینس کھلاڑی نومی اوساکا کے 31 مئی کو ذہنی صحت کی وجہ سے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبرداری کے فیصلے کے بعد کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز غیر ملکی اخبار گلف کو انٹرویو دیتے ہوئے ثانیہ مرزا نے اپنی اکیڈمی کے منصوبے اور نومی اوساکا کے فیصلے کے بارے میں خیالات کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیے

ٹینس کے دو کھلاڑی فرنچ اوپن سے دستبردار کیوں ہوئے؟

ثانیہ مرزا نے انٹرویو میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کھیلوں میں بہت زیادہ صلاحیتوں کا حامل ہے اور اکیڈمی دبئی میں کھولنے کا مقصد وہاں کے عوام کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔

ثانیہ مرزا نے انٹرویو میں انڈیا کے شہر حیدر آباد میں اپنے ٹینس اسکول کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دبئی میں اسپورٹس اکیڈمی ان کے ٹینس اسکول کی ہی برانچ ہوگی۔

انٹرویو کے دوران ثانیہ مرزا سے جاپانی ٹینس کھلاڑی نومی اوساکا کے فرنچ اوپن ٹورنامنٹ سے دستبرداری کے حوالے سے سوال کیا گیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ذہنی صحت بہت ضروری ہے۔

ثانیہ مرزا 2007  اور 2011 میں فرنچ اوپن ٹورنامنٹ میں شرکت کرچکی ہیں۔ انہیں میچز کے لیے برطانیہ روانہ ہونا ہے جبکہ ان کے شوہر شعیب ملک آج کل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے میچز میں مصروف ہیں۔

متعلقہ تحاریر