کراچی میں جعلسازی میں ملوث گروہ گرفتار
خاتون اور اس کے دونوں ساتھی فریب کے جال میں پھنسنے والے شہریوں کی جمع پونجی لے کر فرار ہوجاتے تھے۔
کراچی میں جعلسازی میں ملوث گروہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 3 رکنی گروہ کاغذ پر کالا کیمیکل لگا کر لوگوں کو اصلی نوٹ تیار کرنے کا جھانسہ دیتا تھا۔
غربت اور معاشی بدحالی لوگوں کو لالچ میں مبتلا کردیتی ہے اور اسی لالچ کا فائدہ اٹھا کر جعلسازی میں ملوث افراد سادہ لوح شہریوں کو لوٹ لیتے ہیں۔ کراچی کے علاقے لائنز ایریا کی رہائشی خاتون نے 3 افراد کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ بشریٰ نامی خاتون اور اس کے دو ساتھیوں اظہر اور نعیم نے مل کر اس کی رقم لوٹ لی ہے۔
پولیس نے تفتیش کی تو انکشاف ہوا کہ 3 رکنی گروہ لوگوں کو کاغذ پر کالا کیمیکل لگا کر اصلی نوٹ تیار کرنے کا جھانسہ دیتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سادہ لوح افراد کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے پہلے چند اصل نوٹوں پر کالا کیمیکل لگاتے تھے اور پھر سادے کاغذوں کا بنڈل یہ کہہ کر تھما دیتے تھے کہ کیمیکل لگانے کے کچھ دیر بعد موجودہ بنڈل کے اصل نوٹ تیار ہوجائیں گے۔ یہ گروہ محض سادے کاغذوں کے عوض شہریوں سے بھاری رقم وصول کر کے فرار ہوجاتا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی میں جعلی ویب چینل کے جعلی نمائندے گرفتار
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے نوٹ کے سائز سے مشابہت رکھنے والے کاغذوں کے کئی بنڈل اور جعلسازی میں استعمال کیا جانے والا کیمیکل برآمد کیا گیا ہے۔ ملزمان کا آسان ہدف گھریلو اور سادہ لوح خواتین ہوتی تھیں جو رقم کی لالچ میں اس گروہ کا نشانہ بن کر اپنی جمع پونجی کھو بیٹھتی تھیں۔ تینوں ملزمان اندرون پنجاب میں بھی اس نوعیت کی کئی واراداتیں کرچکے ہیں۔ گروہ کو کچھ عرصہ قبل خانیوال میں بھی گرفتار کیا جاچکا ہے۔
جعلساز گروہ کی متعدد ویڈیوز یوٹیوب پر بھی موجود ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عدالت میں ان ویڈیوز کو بطور ثبوت پیش کیا جائے گا تاکہ جعلسازی میں ملوث اس گروہ کو کڑی سزا دلوائی جاسکے۔









