کراچی کے شہری اب کچرے سے پیسے کمائیں گے
کچرا جمع کرنے کے لیے گھریلو صارفین کو 4 مختلف رنگوں کے تھیلے فراہم کیے جائیں گے۔
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے لیے ایک منفرد اسکیم متعارف کروائی جارہی ہے۔ ’کیش دی ٹریش‘ نامی ایک این جی او کی سربراہ افشین سہیل کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہری اب کچرے کے بدلے پیسے کمائیں گے۔
بدھ کے روز کراچی کے کشمیر روڈ پر واقع اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ’کیش دی ٹریش‘ کی سربراہ افشین سہیل نے کہا کہ پہلے کراچی کے شہری کچرے کو ایک کوڑے دان میں جمع کر کے پھینک دیتے تھے لیکن اب شہری کچرا جمع کر کے اپنی آمدنی بڑھانے کا بندوبست کریں۔
یہ بھی پڑھیے
الہٰ دین کا چراغ بجھنے سے ہنستے چہروں پر اداسی چھا گئی
افشین سہیل نے کہا کہ کچرے کے حوالے سے میرا ایک پی ایچ ڈی کا پراجیکٹ تھا لیکن اب لوگ میرے اس پروجیکٹ سے جڑتے چلے جارہے ہیں اور ایک قافلہ بنتا جارہا ہے۔ کچرا لینے کے لیے ہفتے میں ایک دن نمائندہ آپ کے گھر پر حاضر ہوگا۔ کچرا دینے پر پوائنٹس دیئے جائیں گے اور ہفتے کے آخر میں آپ اِن پوائنٹس کو کیش کروا سکیں گے۔

افشین سہیل نے کہا کہ کچرے کو جمع کرنے کے لیے 4 قسم کے تھیلوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ایک تھیلے میں پھلوں اور سبزیوں کے چھلکے وغیرہ ڈال سکتے ہیں۔ اسی طرح پلاسٹک کے لیے الگ بیگ رکھا گیا جس میں گھر کی ضائع ہونے والی پلاسٹک ڈالی جاسکے گی۔ اس پلاسٹک کو ری سائیکل کیا جائے گا جس کے لیے ہم نے معاہدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچرے کو ابھی اسٹور کیا جارہا ہے۔ جو لوگ ہمارے ساتھ جڑ رہے ہیں انہیں 4 مختلف بیگز دیئے جاتے ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ کونسا کچرا کس تھیلے میں ڈالنا ہے۔ جن گھروں سے زیادہ کچرا اٹھایا جارہا ہے انہیں اچھی رقم بھی دی جارہی ہے۔
’کیش دی ٹریش‘ کی سربراہ نے کہا کہ ہم اسمارٹ مواصلات کی ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے کراچی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد گھروں میں فضلے کے انتظام کے بارے میں طرزِ عمل میں تبدیلی لانا ہے۔
افشین سہیل نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں ہم اس منصوبے کو کراچی یونیورسٹی کیمپس ایریا میں شروع کر رہے ہیں اور جلد ہی اپنی خدمات دیگر علاقوں تک بھی بڑھا دیں گے۔ ہم ایک اسمارٹ فون ایپلی کیشن بھی تیار کر رہے ہیں جس کے ذریعے صارف خود کو رجسٹرڈ کروا کر اپنا گھریلو فضلہ اعتماد کے ساتھ ہمیں دے سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے صارفین کو فضلے کی چھانٹی کے بارے میں جامع معلومات اور تفصیلی رہنمائی فراہم کرتے ہیں اور انہیں کوڑے دان کے ذخیرہ کرنے کے نظام سے جوڑ دیتے ہیں جہاں وہ اپنے جمع شدہ فضلے کو نقد، واؤچرز، موبائل ریچارج اور دیگر اشیاء میں تبدیل کرسکتے ہیں۔









