انڈسٹری میں 29 سال مکمل ہونے پر شاہ رخ خان مداحوں سے براہ راست
بالی ووڈ کے بادشاہ نے تقریباً تمام سوالات کا جواب دیا۔
بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کو آج انڈسٹری میں 29 برس مکمل ہوگئے ہیں اور اس موقع پر انہوں نے مداحوں کے سوالات کے جواب دیئے ہیں۔
بالی ووڈ کے بادشاہ مانے جانے والے اداکار شاہ رخ خان نے 1992 میں فلم ’دیوانہ‘ سے انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔ شاہ رخ خان نے اپنی دلکش شخصیت، خوبصورت مسکراہٹ اور قابل ستائش صلاحیتوں کے ذریعے بالی ووڈ میں پہچان بنائی اور لاکھوں لوگوں کو اپنا گرویدہ بنالیا۔
بالی ووڈ میں 29 سال مکمل ہونے پر شاہ رخ خان نے مداحوں کی بے پناہ محبت کے اظہار پر شکریہ ادا کیا اور ٹوئٹر پر مداحوں کے ساتھ 15 منٹ کا سوال جواب کا سیشن رکھا۔ اداکار نے ٹوئٹر پر لکھا کہ اگر میری طرح آپ سب بھی جلدی بیدار ہوگئے ہیں تو 15 منٹ کی گفتگو کرلیتے ہیں۔
This could be the earliest #AskSrk I am doing. If like me you all are awake early let’s have a 15 minutes conversation. Love srk
— Shah Rukh Khan (@iamsrk) June 25, 2021
’آسک ایس آر کے‘ نامی اس سیشن نے سوشل میڈیا پر ہزاروں مداحوں کو راغب کیا اور صرف چند منٹوں میں ہی سیکڑوں مداحوں نے سوالات کیے۔ بالی ووڈ کے بادشاہ نے تقریباً تمام سوالات کا جواب دیا۔
ایک صارف نے پوچھا کہ منفیت سے بھرے دور میں کس طرح مثبت ہونا ہے؟ جس پر شاہ رخ خان نے جواب دیا کہ ارد گرد کسی بھی قسم کی منفیت کو نہ سنیں اور خود پر یقین رکھیں۔
یہ بھی پڑھیے
ماہرہ خان کے فلم انڈسٹری میں 10 سال مکمل
ایک اور مداح نے شاہ رخ خان سے ان کے موجودہ مزاج کے بارے میں پوچھا، جس پر اداکار نے جواب دیا کہ وہ ابھی ممبئی کی بارش کی طرح ہے۔
ایک مداح نے ان سے 2020 میں زندگی کی تبدیلی کے بارے میں پوچھا جس پر شاہ رخ خان نے بتایا کہ انہوں نے پچھلے سال کے دوران کم کام کیا اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ زیادہ وقت گزارا۔
شاہ رخ خان نے 80 سے زیادہ ہندی فلموں میں کام کیا ہے اور مداحوں سے خوب داد وصول کی ہے۔ وہ ایک شاندار اسٹیج پرفارمر بھی ہیں۔ کئی بین الاقوامی میڈیا ادارے شاہ رخ خان کو دنیا کا سب سے بڑا فلم اسٹار بھی قرار دے چکے ہیں۔