ڈرامہ نگار اور پروڈیوسر اسما نبیل انتقال کرگئیں

خانی جیسے معروف ڈرامے کی تخلیق کار 40 سالہ اسما نبیل کینسر میں مبتلا تھیں۔

پاکستان کی معروف ڈرامہ نگار، پروڈیوسر اور ہدایتکارہ اسما نبیل بیماری سے لڑتے ہوئے کراچی میں انتقال کرگئیں۔ 40 سالہ اسما نبیل چھاتی کے کینسر میں مبتلا تھیں، انہوں نے اس بیماری کیخلاف بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی تھی۔

اسمانبیل کا نام پاکستانی ٹی وی ڈرامہ کی صنعت میں تیزی سے مقبول ہوا تھا۔ ان کے لکھے ہوئے ڈراموں میں سے ’خانی‘ کو بہت زیادہ شہرت حاصل ہوئی تھی۔ ڈرامہ ’باندھی‘ اور فلم ’مان جاؤ نا‘ بھی ان کے کریڈٹ پر ہیں، جبکہ ڈرامہ ’سرخ چاندنی‘ بھی ان کی شاندار تحریروں میں سے ایک ہے۔ اسما نبیل بیس سال تک ایڈورٹائزنگ کے شعبے سے بھی منسلک رہیں تھیں۔ ڈرامہ سیریل ’خدا میرا بھی ہے‘ کا اسکرپٹ بھی انہوں نے ہی تحریر کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

بل کوسبی کی طرح ہاروی وینسٹائن بھی بری ہوں گے؟

اسما نبیل نے انتقال سے چند روز قبل مشہور ڈیزائنر علی ذیشان کی چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم میں بھی حصہ لیا تھا۔ اسما نبیل کا مستقبل قریب میں شوکت خانم کینسر اسپتال کی طرز کا کینسر اسپتال بنانے کا پروگرام تھا جہاں مریضوں کو 100 فیصد مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جانی تھیں۔

علی ذیشان کے ساتھ مہم کے دوران اسما نبیل نے خواتین کو اس بات کا شعور دیا کہ انہیں صحت پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔ بظاہر اسما نبیل دنیا سے رخصت ہو گئی ہیں مگر خواتین کی صحت کے حوالے سے ان کوششوں کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

کچھ عرصہ قبل ایک انٹرویو کے دوران اسما نبیل کا کہنا تھا کہ وہ بہت ساری خوبیوں کی بہادر خاتون ہیں اور انہوں نے اپنے کردار سے یہ بات ثابت بھی کی۔

اسما نبیل کے انتقال پر ان کے دوستوں ، مداحوں اور رشتے داروں نے سوشل میڈیا پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

 

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Wajahat Rauf (@wajahatraufofficial)

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Aijaz aslam (@aijazzaslamofficial)

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار انور اقبال بلوچ بھی کینسر کے سبب انتقال کرگئے تھے۔ سینئر اداکار انور اقبال بلوچ نے اردو اور سندھی کے کئی ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے تھے۔

متعلقہ تحاریر