زلفی بخاری ریحام خان کیس، بلاول بھٹو کے لیے سبق ہے

زلفی بخاری نے لندن کی عدالت میں ہتک عزت کے کیس میں ریحام خان کے خلاف ابتدائی مرحلہ جیت لیاہے۔

وزیراعظم پاکستان کے سابق معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے عمران خان کی سابق اہلیہ اور صحافی ریحام خان کے خلاف ہتک عزت کیس کا پہلا مرحلہ جیت کر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے لندن کی عدالت میں ریحام خان کے خلاف ہتک عزت کا کیس دائر کیا تھا۔ کیس کی سماعت جسٹس کیرن اسٹین نے جمعے کے روز کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

دیار غیر میں بھی صحافی غیر محفوظ

زلفی بخاری نے امریکی ریاست نیویارک میں قائم روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق الزام پر ریحام خان کو عدالت لے گئے تھے۔ ریحام خان نے اپنی چار اشاعتوں اور چار ٹوئٹس میں الزام لگایا تھا کہ روز ویلٹ کی نجکاری میں زلفی بخاری کا مفاد وابستہ ہے۔

لندن کی عدالت کے جج جسٹس کیرن اسٹین نے ابتدائی سماعت کے دوران بدعنوان، بےایمان قرار دیے گئے 4 الزامات اور 4 ٹوئٹس کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے ریحام کے موقف کو مسترد کردیا۔

ریحام خان نے عدالت میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملکی مفاد میں قومی اثاثوں کی فروخت کا معاملہ اٹھایا تھا کسی سے ذاتی دشمنی میں نہیں، تاہم جسٹس کیرن اسٹین نے ابتدائی سماعت میں فیصلہ دیا کہ ریحام خان کے 8 اشاعتوں میں توہین آمیز مواد موجود ہے۔

دوسری جانب زلفی بخاری نے اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ مشاورت کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف ہتک عزت کا نوٹس بھجوادیا ہے۔ قانونی نوٹس میں چیئرمین پیپلز پارٹی کے خلاف 10 کروڑ پاؤنڈ کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے زلفی نے کہا ہے کہ اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد بلاول بھٹو زرداری کو قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ بلاول بھٹو نے میرے خلاف غیرذمہ دارانہ بیان دیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں زلفی بخاری نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ناسمجھی کے باعث وہ سب بول جاتے ہیں جو انہیں بتایا جائے۔

واضح رہے کہ ریحام خان نے لندن کی عدالت میں زلفی بخاری کے خلاف کیس لڑنے کے لیے اپنے دوستوں اور مداحوں کے تعاون سے اکاؤنٹ بنا رکھا ہے۔

زلفی بخاری کے مبینہ دورہ اسرائیل کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ رات کے اندھیروں میں ہونے والے معاملات پر تشویش ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اب دیکھنا یہ ہے بلاول بھٹو زرداری اپنے موقف کا عدالت میں دفاع کرسکتے ہیں یا نہیں۔ کیونکہ وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف بھی زلفی بخاری کے دورہ اسرائیل کی تردید کردی ہے۔

متعلقہ تحاریر