سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کا ایکشن

اسلام آباد پولیس نے عثمان مرزا کو گرفتار کرلیا۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس نے ہنگامہ برپا کردیا۔ ویڈیو میں ایک شخص لڑکے کو بری طرح سے مار رہا تھا اور لڑکی کے ساتھ بدتمیزی کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ پولیس کے مطابق ویڈیو چند ماہ پرانی ہے اور عثمان مرزا کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

سوشل میڈیا پر گزشتہ روز ایک دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی اور چند گھنٹوں میں وائرل ہوگئی، ویڈیو میں عثمان مرزا نامی شخص نے گھر میں گھس کر ایک جوڑے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور لڑکی کے ساتھ بدتمیزی کرنے کی کوشش بھی کی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عثمان مرزا نامی شخص کو گرفتار کرنے کے حوالے سے ٹرینڈ چل پڑا۔

متعدد نامور شخصیات نے بھی اسلام آباد پولیس سے فوری طور پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیے

نام نہاد لبرلز کا دوہرا معیار

سوشل میڈیا پر اس مطالبے نے زور پکڑا تو چند گھنٹوں بعد اسلام آباد پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کی خبر سامنے آگئی۔ اسلام آباد پولیس نے ٹوئٹ میں بتایا کہ عثمان مرزا کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے ٹوئٹ میں کہا کہ ویڈیو چند ماہ پرانی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ وہ وائرل ہونے والی ان ویڈیوز کو ڈیلیٹ کردیں جس میں تشدد کا نشانہ بننے والے جوڑے کی شکل دکھائی دے رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق عثمان مرزا پراپرٹی کا کاروبار کرتا ہے اور اس کے اسلام آباد میں کچھ شو رومز بھی ہیں۔اس قسم کے واقعات کا رونما ہونا معاشرے کے بگاڑ کا منہ بولتا ثبوت ہیں جبکہ سوشل میڈیا صارفین کو بھی اس حوالے سے محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ تحاریر