ایوب میڈیکل کمپلیکس کے گیٹ پر بوریوں سے بند باندھ دیا گیا
نالوں کی صفائی کے بجائے پانی کا راستہ روکنے پر انتظامیہ تنقید کی زد میں ہے۔
ایبٹ آباد میں نکاسی آب کا نظام بہتر نہ ہونے کے باعث بارش کے پانی سے بچنے کے لیے اسپتال کے گیٹ پر بند باندھنے کی ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں۔ شہری ضلعی انتظامیہ اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے ایم ٹی آئی اسپتالوں میں نکاسی آب کا ناقص نظام شہریوں کے لیے درد سر بن گیا۔ ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد کی وائرل ویڈیو نے صوبائی حکومت کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ ایبٹ آباد میں بارشوں کے موسم میں ضلعی انتظامیہ نے سیوریج لائنز کی صفائی کے بجائے پانی کو روکنے کے انتظامات کرلیے۔ ایوب میڈیکل کمپلیکس کے کروڑوں روپے کے بجٹ ہونے کے باوجود ملازمین بارش سے پہلے اسپتال کے گیٹ پر بوریوں سے بند باندھتے نظر آئے تاکہ برساتی ریلے کو روکا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیے
عید سے قبل بارشیں، ماہرین نے خبردار کردیا
نالوں کی صفائی کے بجائے بوریوں سے پانی کا راستہ روکنے کی کوشش کرنے پر شہری و سماجی حلقوں کی طرف سے ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نکاسی آب کا نظام بہتر کرنے کے بجائے بند سے پانی کو روک رہی ہے۔
شہریوں کے مطابق اسپتالوں کی انتظامیہ کی مبینہ کرپشن کی وجہ سے نالیوں کی صفائی بھی نہیں کرائی گئی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سمیت دیگر حکام سے نکاسی آب کا بہتر نظام لانے کا مطالبہ کیا ہے۔