عثمان مختار کے ہراسگی الزام پر سوالیہ نشان

ماہرہ خان نے اداکار کا ساتھ دیتے ہوئے ان کی حمایت میں کمنٹ کیا۔

پاکستانی اداکار عثمان مختار نے ساتھی فنکارا پر ہراسگی کا الزام عائد کیا ہے۔ چند سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ اداکار کا ماہرہ خان کے ساتھ نیا ڈرامہ آنے والا ہے اور انہوں نے یہ بیان خبروں میں رہنے کے لیے دیا ہے۔

عثمان مختار نے گزشتہ روز فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر انکشاف کیا کہ انہیں پچھلے ڈیڑھ سال سے ایک خاتون کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے جوکہ ماضی میں ان کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔ ساتھی فنکارا کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ خاتون انہیں مسلسل بلیک میل کررہی ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں شکایت بھی درج کرائی تھی لیکن خاتون کا پتا لگانے میں ایک سال گزر گیا اور پھر انہیں طلب کرنے میں مزید 6 ماہ کا وقت لگا۔

یہ بھی پڑھیے

عشنا شاہ ساڑھی کو فروغ دینے لگیں

عثمان مختار کے مطابق خاتون نے ان کے گھر والوں خاص طور پر ان کی والدہ اور دوستوں کو بھی نشانہ بنایا اور نامناسب تبصرے کیے گئے۔ اداکار کا مزید کہنا تھا کہ اس خاتون کی وجہ سے ان کی ذہنی صحت متاثر ہوئی لیکن وہ خاموش رہے اور حکام کو نمٹنے دیا مگر اب وہ تھک گئے ہیں۔ عثمان مختار کے مطابق انہوں نے 2016 میں اس فنکارا کے ساتھ ایک میوزک ویڈیو میں کام کیا تھا۔

چند سوشل میڈیا صارفین کا خیال ہے کہ اداکار کا ماہرہ خان کے ساتھ نیا ڈرامہ جلد آنے والا ہے اور عثمان مختار نے یہ بیان خبروں میں رہنے کے لیے دیا ہے۔ دوسری جانب اداکارہ ماہرہ خان اور کبریٰ نے اداکار کا ساتھ دیتے ہوئے ان کی حمایت میں کمنٹس کیے۔

واضح رہے کہ ہم ٹی وی پر ماہرہ خان اور عثمان مختار کا ڈرامہ ہم کہاں کے سچے تھے اتوار سے نشر ہونے والا ہے۔

متعلقہ تحاریر