آٹا، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ
سبسڈی میں کمی کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء خورونوش کی قیمتیں بڑھ گئیں۔
عام مارکیٹ میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی مہنگائی کا طوفان آگیا ہے۔ آٹا، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافے سے غریب عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عام مارکیٹ میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، جس کے بعد اب یوٹیلٹی اسٹورز پر موجود اشیاء کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے کے 20 کلو کے تھیلے میں 150 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آٹے کے فی کلو تھیلے کی قیمت 800 روپے سے بڑھ کر 950 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح چینی کے فی کلو قیمت میں 17 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت 68 روپے سے بڑھا کر 85 روپے کلو کردی گئی ہے۔ اسی طرح حکومت کے سبسڈائز گھی کی قیمت میں 90 روپے فی کلو تک اضافہ کیا گیا ہے۔ 170 روپے فی کلو میں فروخت ہونے والے گھی کی نئی قیمت 260 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مہنگائی کی بڑھتی شرح نے وزیراعظم کی نیند اڑا دی
حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پیکج کے تحت دی جانے والی سبسڈی میں کمی کے بعد آٹا، چینی اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں دی جائے گی۔ یوٹیلٹی اسٹورز میں مہنگائی پر غریب عوام نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔