ایلون مسک کا انسانی خاصیت والے روبوٹ بنانے کا اعلان

ٹیسلا کمپنی اے آئی ہیومنائیڈ روبوٹ بنا رہی ہے جسے "آپٹیمس" کا نام دیا گیا ہے۔

دنیا کی امیر ترین شخصیت ایلون مسک نے رواں ہفتے جمعرات کی رات ٹیسلا کے اے آئی ڈے پلیٹ فارم پر خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب کمپنی ایک ہیومنائیڈ روبوٹ بنا رہی ہے، اور ممکنہ طور پر اگلے سال تک اس کو مارکیٹ میں متعارف کروا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ ٹیسلا الیکٹرک "سیلف ڈرائیونگ کاروں” کی تعمیر کے بعد اب ہیومنائیڈ روبوٹ تیار کرے گی جو بالکل خطرناک نہیں ہوگا اور آپ کی بورنگ کو دور کرنے کا سبب بنے گا۔ روبوٹ اپنے مالک کی آواز پر لبیک کہے گا۔

یہ بھی پڑھیے

فیس بک اور ٹوئٹر کی طالبان کے حوالے سے متضاد پالیسیز

روبوٹ کو”Optimus” کا نام دیا گیا ہے، جو 173 سینٹی میٹر لمبا اور 57 کلو گرام وزنی ہوگا۔ اس کا جسم 40 الیکٹرو مکینیکل ایکچوایٹرز سے چلایا جائے گا، جبکہ اس کے چہرے پر اسکرین ڈسپلے کی جائے گی۔

ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک کے مطابق روبوٹ آپٹیمس 20 کلو گرام تک کا سامان لے جانے کی صلاحیت رکھے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ورکنگ پروٹوٹائپ روبوٹ اگلے سال تک تیار ہو جائے گا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے آنے سے کثیر افراد کی نوکریاں جاسکتی ہیں ، اس لیے انسانوں کو آمدنی کے لیے دوسرے ذرائع کی ضرورت پیش آئے گی۔

انہوں نے کہا ، "ٹیسلا بلاشبہ دنیا کی سب سے بڑی روبوٹکس کمپنی ہے کیونکہ ہماری کاریں پہیوں پر نیم حساس روبوٹ کی طرح کام کرتی ہیں۔” "کاروں میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کو اب ایک "ہیومنائڈ” شکل میں تبدیل کرنا سمجھ میں آرہا ہے۔ ہم سینسر اور بیٹریاں اور ایکچیویٹرز بنانے میں بھی بہت ماہر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس روبوٹ کو آیا فروخت کیا جائے گا یا نہیں اور اس کی قیمت کیا ہوگی ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ایونٹ کے دوران ایک ڈیمو بھی پیش کیا گیا کہ روبوٹ کیسے کام کریں گے۔

متعلقہ تحاریر