نیٹ فلکس پر مائیکل شوماکر سے متعلق دستاویزی فلم نشر ہوگی
فلم شوماکر کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

اوور دی ٹاپ ( او ٹی ٹی) پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے 7 مرتبہ کے چیمپئن سابق ریسنگ ڈرائیور مائیکل شوماکر پر بننے والی فلم شوماکر کا ٹریلر جاری کردیا۔
مائیکل شوماکر کی زندگی پر مبنی فلم ایک ایسے وقت پر ریلیز ہوگی جب وہ اپنے کیریئر کے 30 سال پورے ہونے کی خوشیاں منارہے ہوں گے۔ فارمولا ون ڈرائیور شوماکر نے اپنے کیریئر کا آغاز 1991 میں کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
بچپن کی برہنہ تصویر دکھانے پر نوجوان میوزک بینڈ کے خلاف عدالت پہنچ گیا
اس ڈاکیومنٹری میں ان کی نجی زندگی سے متعلق اہم باتیں کی گئی ہیں۔ دستاویزی فلم میں مائیکل شوماکر کے گھر والوں مثلاً اہلیہ، والد اور بھائی کے انٹرویوز بھی شامل ہیں۔ صرف یہی نہیں نیٹ فلکس کی اس دستاویزی فلم میں موٹر ریسنگ کی نمایاں شخصیات جیسے جین ٹوڈٹ ، برنی ایکلسٹون ، سیبسٹین ویٹل ، میکا ہیککنین ، ڈیمون ہل ، فلیویو بریاٹور اور ڈیوڈ کولتھارڈ کے ساتھ گفتگو بھی کی گئی ہے۔
مائیکل شوماکر اب تک کے سب سے مشہور فارمولا 1 ڈرائیور ہیں۔ انہوں نے ریسنگ کے 91 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ 7 عالمی چیمپئن شپس جیتی ہیں۔ مائیکل شوماکر کو 2013 میں سر میں شدید چوٹیں آئیں تھی جس کے بعد سے وہ ریس ڈرائیونگ سے الگ ہوگئے تھے۔









