شبلی فراز اور صوبائی وزراء کی سگریٹ نوشی کی ویڈیو وائرل

الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بریفنگ کے دوران وفاقی اور صوبائی وزراء کی جانب سے کرونا ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی بھی کی گئی۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز کی زیر صدارت پشاور میں ہونے والی ایک میٹنگ میں وفاقی وزیر سمیت صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کی سگریٹ نوشی کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں شبلی فراز سمیت تمام افراد این سی او سی کے نافذ کردہ کرونا ایس او پیز کی صریحاً خلاف ورزی کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

نیوز 360 کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر خیبر پختون خوا اسمبلی کے اراکین اور صحافیوں کو بریفنگ دے رہے تھے، جس دوران کرونا ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

اسلام آباد میں بلی کو مارنے والے سابق سرکاری ملازم کی ضمانت منظور

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بریفنگ کے دوران نہ تو وفاقی وزیر نے ماسک پہن رکھا تھا اور نہ کسی دوسرے شخص کے چہرے پر ماسک دکھائی دے رہا ہے، حتیٰ کہ بریفنگ کی رپورٹنگ کرنے والے صحافی حضرات نے بھی ماسک پہننے کی زحمت نہیں کی تھی۔

بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز، صوبائی وزیرعاطف خان ، صوبائی وزیر ماحولیات اشتیاق ارمڑ اور رکن اسمبلی ہمایوں بھی سگریٹ کے کش لینے میں مصروف رہے۔

ملک خداداد پاکستان میں کرونا وائرس کی وباء نے ایک پھر سر اٹھانا شروع کردیا ہے۔ این سی او سی کی تارہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق ملک بھر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 118 افراد اس موذی مرض کا شکار ہو کر انتقال کر گئے ہیں، جبکہ 3838 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

این سی او سی کے جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کے ملک میں کرونا سے اب تک جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہزار 788 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 52 ہزار 112 نمونوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3 ہزار 838 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، اس طرح مثبت کی شرح 7.36 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

متعلقہ تحاریر