مہنگائی کے خلاف اپوزیشن سڑکوں پر، وزیراعظم سمیت اعلیٰ قیادت غیرملکی یاترا پر
وزیراعظم آج اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سعودی عرب روانہ ہو رہے جبکہ وزیرداخلہ شیخ رشید اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری میچ دیکھنے کےلیے دبئی میں بیٹھے ہیں۔
روم کی بستیوں میں آگ لگی ہوئی تھی اور روم کا بادشاہ نیرو چین کی بنسری بجارہا تھا اور وقت کا راوی سب اچھا ہے کی راگنی الاپ رہا تھا۔ کچھ ایسا ہی حال پاکستان کا ہے جہاں مہنگائی کے خلاف اپوزیشن کی ساری جماعتیں سڑکوں پر ہیں ، ہر جانب احتجاج کی آگ لگی ہوئی مگر پاکستان کو ریاست مدینہ کا ستارہ قرار دینے والے وزیراعظم عمران خان آج اپنے وزیر خارجہ سیمت اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سعودی عرب جارہے ہیں جبکہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری پاک بھارت میچ دیکھنے کےلیے دبئی پہنچ چکے ہیں۔
اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور اور کراچی جیسے بڑے شہروں سمیت پورے ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف عوام کا احتجاجی سمندر سڑکوں پر موجود ہے۔ حالات کنٹرول سے باہر ہو رہے ہیں ، گزشتہ روز احتجاج کے دوران گاڑیوں کی ٹکر سے دو پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے
عالمی تنہائی اور قلیل سرمایہ کاری، روپے کی قدر میں کمی کے عوامل
لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینر لگا کر سیل کردیا گیاہے۔ شہر کی متعدد اندرونی سڑکوں کو بھی خاردار تاروں اور کنٹینرز لگا کر بندکردیا گیا ہے۔ ملتان روڈ ، سمن آباد ، علامہ اقبال کا علاقہ اور دبئی چوک سمیت متعدد سڑکوں پر کنٹینرز کھڑے کر دیے گئے ہیں۔
گزشتہ روز جڑواں شہروں میں پی ڈی ایم کے کارکنان کی بڑی تعداد نے مہنگائی اور حکومتی پالیسیز کے خلاف ریلیاں نکالیں۔ کئی جگہوں پر پولیس اور پی ڈی ایم کے کارکنان کے درمیان جھڑپیں بھی دیکھنے کو ملیں۔
احتجاج کے پیش نظر پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت نے لاہور ، اسلام آباد ، ملتان اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس اور اورنج لائن ٹرین سروس معطل کردی ہے۔ جگہ جگہ کنٹینرز کھڑے کرنے سے شہریوں کو آنے جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنان کی بڑی تعداد نے مہنگائی اور حکومتی پالیسیز کے خلاف احتجاج کیا ۔ کراچی میں حکومت کے خلاف ہونے والے احتجاج کی قیادت وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کی۔ انہوں نے کہا اسلام آباد میں بیٹھے گدھے لوگوں کو گھوڑوں پر لےآئے ہیں۔
پشاور میں جماعت اسلامی ، عوامی نیشنل پارٹی اور جے یو آئی (ف) نے مہنگائی اور ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے خلاف تمام اپوزیشن کی جماعتیں سڑکوں پر ایسے میں ملک کی ساری بڑی قیادت وزیراعظم سمیت ملک سے باہر جارہی ہے۔ وزیر داخلہ ملک سے باہر وزیر اطلاعات و نشریات ملک سے باہر ہیں اور کوئی ایسی ایمرجنسی بھی نہیں کہ انہیں ملک سے باہر جانا پڑرہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد کی دعوت پر سعودی عرب جارہے ہیں جبکہ وزیرداخلہ اور وزیر اطلاعات صرف پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے دبئی روانہ ہو چکے ہیں۔ یہ کیسی حکومتی حکمت عملی ہے کہ ایک جانب سے ملک میں آگ لگی ہوئی اور دوسری جانب حکمران جماعت چین کی بانسری بجاتے ہوئے ملک سے باہر بیٹھی اور جارہی ہے۔