پاکستان بمقابلہ افغانستان ، قومی ٹیم کو پروفیشنل کھیل پیش کرنا ہوگا
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے انڈیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کررکھی ہےجبکہ افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کو ہرایا تھا۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کے اپنے تیسرے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کل افغانستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے گروپ ٹو کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے انڈیا کو شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف بہترین پرفارمنس دیتے ہوئے 5 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی تھی۔ پاکستان گروپ ٹو میں دو میچز میں فتح کے بعد ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے۔
یہ بھی پڑھیے
رونالڈ کومین بارسلونا کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے فارغ
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:انگلینڈ نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
انڈیا اور نیوزی لینڈ کو دھول چٹانےکے بعد 29 اکتوبر بروز جمعۃ المبارک پاکستانی ٹیم افغانستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔ وننگ کمبینیشن میں بظاہر کوئی تبدیلی ہوتی نظر نہیں آرہی تاہم ایسا لگ رہا ہے کہ افغانستان ، اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کے خلاف میچز میں تبدیلیاں کی جاسکتی ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے کھلاڑیوں کے پریکٹس سیشن کی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔ تصاویر میں حیدر علی ، خوشدل شاہ ، سابق کپتان سرفراز احمد ، وسیم خان اور محمد نواز کو پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
Six Pakistan players Sarfaraz Ahmed, Usman Qadir, Mohammad Wasim Jnr, Mohammad Nawaz, Khushdil Shah and Haider Ali had a nets session at the ICC Academy today.#WeHaveWeWill pic.twitter.com/bLCG6gHs9V
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 27, 2021
جن کھلاڑیوں کی نیٹ پریکٹس کی تصاویر جاری کی گئی ہیں وہ اب تک ورلڈ کپ میں کوئی میچ نہیں کھیل سکے ہیں تاہم ممکن ہے کہ افغانستان، نمیبیا، اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف ان کھلاڑیوں کو آزمایا جاسکتا ہے ۔
کرکٹ کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے ایک بڑی مارجن سے فتح حاصل کی تھی اس لیے پاکستانی ٹیم کو کوئی رسک نہیں لینا چاہیے اور پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے کیونکہ افغانستان کی ٹیم بھی کسی بھی کھیل کا پانسا پلٹنے کی قدرت رکھتی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو افغانستان کی ٹیم کو آسان نہیں لینا چاہیے ، ٹیم جس انداز سےکھیل رہی ہے اسے ویسے ہی اپنا کھیل پیش کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ شارجہ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے کے 5ویں میچ میں افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز اسکور کیے۔ اور اسکاٹ لینڈ کے لیے جیت کا ہدف 191 رنز رکھا۔ جواب میں اسکاٹ لینڈ کی ساری ٹیم 60 رنز کے مجموعی اسکور پر ڈھیر ہو گئی تھی۔