ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ:پاکستان کا نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
گروپ بی میں پاکستان اپنے پہلے تین میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ نمیبیا ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن میں بیٹھا ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے سپر 12 مرحلے کے 19ویں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نمیبیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاس کے موقعے پر پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہم کسی بھی صورت میں ریلیکس نہیں کریں گے اور نمیبیا کو کمزور حریف تصور نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
ٹی 20 ورلڈ کپ:جنوبی افریقہ نے بنگلا دیش کو 6 وکٹوں سےہرا دیا
ٹیم کی کارکردگی دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر T20 گیمز جیتنے کا فارمولہ طے کرلیا ہے۔ اس لیے پاکستانی ٹیم کو فرق نہیں پڑتا کہ کون سے انفرادی کھلاڑی نمیبیا کے خلاف صف آراء ہیں۔
پاکستان اپنے روایتی حریف بھارت ، نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف جیت کر میگا ایونٹ کی فیوریٹ ٹیم بن چکی ہے۔ آج کا میچ پاکستان کے آسان لگ رہا ہے اور اگر پاکستان نمیبیا کے خلاف جیت جاتا ہے تو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلے گا۔
پاکستان کی اب تک کارکردگی
پاکستان نے اپنا پہلا میچ انڈیا کے خلاف 24 اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا تھا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز اسکور بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کےلیے 152 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے 17.5 اوورز میں حاصل کرلیا تھا۔
26 اکتوبر کو پاکستان نے اپنا دوسرا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ اس میچ میں بھی پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 135 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کردیا تھا۔
29 اکتوبر کو سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز اسکور کیے اور پاکستان کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 1 اوور قبل 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔ اس میچ میں آصف علی نے ایک اوور میں 4 چھکے لگا کر پاکستان کو جیت سے ہمکنار کیا تھا۔
ٹیم پوزیشن
گروپ بی میں پاکستان اپنے پہلے تین میچ جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ نمیبیا ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن میں بیٹھا ہے۔