ایف آئی اے سکھر کی کارروائی، تین جعلی ویکسینیٹر گرفتار
ملزمان لوگوں سے رقم لے کر جعلی ویکسینیشن کارڈ بنا کر دیتے تھے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سکھر نے کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو کورونا کے جعلی ویکسینیشن کارڈ بنا کر دینے والے تین جعلی ویکسینیٹر کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سکھر نے اندرون سندھ کورونا کے جعلی ویکسی نیشن کارڈ بنانے والے جعلی ویکسینٹروں کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے اور سکھر میں کارروائی کے دوران بیسک ہیلتھ یونٹ نیو پنڈ کے تین ملازمین فیصل ، حیدر اور فضل کو گرفتار کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
شہید مرید عباس کی بیوہ نے ماڈل کورٹ کی ساکھ پر سوال اٹھا دیے
ایف آئی اے سائبر کرائم کے حکام کے مطابق تینوں ملزمان ویکسینیشن سینٹر میں ڈرائیور ، گارڈ اور چوکیدار کی ڈیوٹی انجام دیتے تھے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان لوگوں سے رقم لے کر انہیں بغیر ویکسین لگائے ان کا ڈیٹا این آئی ایم ایس کے سسٹم میں داخل کرنے اور انہیں کارڈ بنا کر دینے میں ملوث تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔