کراچی:گلستان جوہر میں فائرنگ، سیکرٹری سندھ بار کونسل جاں بحق
موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے عرفان مہر کی گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا اور سائڈ مرر سے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے سندھ بار کونسل کے سیکرٹری عرفان مہر کو ابدی نیند سلا دیا ہے۔
فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایڈووکیٹ عرفان مہر بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس گھر جارہے تھے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ان اسپتال پہنچانے کی کوشش کی تاہم وہ راستے ہی میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
یہ بھی پڑھیے
چارسدہ میں قرآن کی مبینہ بے حرمتی کے خلاف مظاہرے، پولیس اسٹیشن نذرآتش
نوشین کاظمی کے والد نے بیٹی کی خودکشی کرنے کی تردید کردی
سندھ بار کونسل کے سیکرٹری عرفان مہر کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے سڑک کے بیچ میں گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا اور سائڈ مرر پر آکر فائرنگ شروع کردی۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے مقتول پر چھ سے سات فائر کیا اور اطمینان سے جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے۔ موٹر سائیکل سوار دونوں ملزمان نےاپنی شناخت چھپانے کےلیے ہیلمنٹ پہن رکھےتھے۔
فوٹیج میں دو اسکول کے بچوں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے جو موٹر سائیکل پر جارہے تھے۔
سیکرٹری سندھ بار کونسل عرفان مہر کے قتل کے خلاف بار نے مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔
سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین حیدر امام نے عرفان مہر کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق ہونیوالے عرفان مہر کا تعلق سندھ بار کونسل سے ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ عرفان مہر صبح کے وقت بچوں کو گھر سے اسکول لے جا رہےتھے جب فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے عرفان سندھ بار کونسل میں سیکریٹری کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
دوسری جانب پولیس حکام نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ہے اور شواہد اکٹھے کرکے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کو تلاش کرنے کی کوشش کی جائے گی اور تمام دستیاب وسائل کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔