شرح سود میں مزید اضافہ کرنے کا ارادہ نہیں، گورنر اسٹیٹ بینک

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے عالمی جریدے کو انٹرویو کے دوران صاف صاف کہہ دیا کہ ہم شرح سود میں مزید اضافہ نہیں کریں گے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے گورنر رضا باقر نے ملک میں شرح سود میں مزید اضافہ نہ کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا۔

امریکی جریدے بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر کا مزید کہنا تھا کہ شرح سود معمولی اضافے کے باوجود رواں مالی سال کے دوران ملکی ترقی کی شرح پانچ فیصد رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیئے

رضا باقر نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم دیر نہیں کرنا چاہتے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ افراط زر کی توقعات حوصلہ افزا رہیں اسی لیے ہم نے ستمبر سے اب تک شرح سود میں مجموعی طور پر 275 بیس پوائنٹس بڑھائے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ ہم نے مانیٹری پالیسی کے بیان میں مستقبل کا اشارہ بھی دیا ہے کہ اب ہم ایک وقفہ لے سکتے ہیں، ہم اس لیے وقفہ لینے جا رہے ہیں تاکہ جو اقدامات پہلے اٹھا چکے ہیں اس کے اثرات کا جائزہ لیا جائے۔

بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، گزشتہ چھ ماہ کے دوران پاکستانی روپیہ ایشیا کی تیرہ کرنسیوں میں سے سب سے زیادہ بدحال رہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد شرح سود آٹھ اعشاریہ سات پانچ سے بڑھ کر نو اعشاریہ سات پانچ ہوگئی تھی۔

متعلقہ تحاریر