دادو میں خودکشی کرنے والی میڈیکل کی طالبہ کا خط سامنے آگیا
پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں درج چار ملزمان میں سے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تاہم دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
دادو: پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنس برائے خواتین نواب شاہ کی ایم بی بی ایس فائنل ایئر کی طالبہ عصمت نے ہفتے کے روز دادو میں اپنے گھر میں خود کو گولی مار کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی تھی جس کا خود کا لکھا ہوا خط سامنے آگیا ہے۔
فائنل کی میڈیکل کی طالبہ عصمت کی جانب سے اپنے والدین کے نام لکھے گئے آخری خط کے الفاظ کے طابق "میں آپ دونوں سے معافی چاہتی ہوں، آپ کو بہت دکھ ہو گا لیکن میں کمزور ہو گئی ہوں، مجھے معاف کر دیجیے گا۔”
یہ بھی پڑھیے
شیرشاہ نالے پر دھماکے کے باوجود تجاوزات بدستور قائم
محکمہ انسداد تجاوزات کراچی کی کارروائی، متعدد علاقے تجاوزات سے پاک
دوسری جانب ویمن پروٹیکشن سیل نے پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنس برائے خواتین نواب شاہ کی طالبہ عصمت کے استعمال کی اشیاء اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائنل کی ایئر کی میڈیکل طالبہ عصمت کی لاش گذشتہ روز اس کے گھر سے ملی تھی جہاں اس نے اپنے آپ کو گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔ عصمت کے والدین کے مطابق ان کی بیٹی چھٹی پر گھر آئی ہوئی تھی۔
پولیس نے عصمت کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سیتا دیہی صحت مرکز منتقل کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم مکمل ہوگیا ہے رپورٹ کو انتظار ہے۔
اس کی موت سے دو دن قبل میڈیکل کی طالبہ کے والد نے اپنی بیٹی کو ہراساں کرنے کے الزام میں چار افراد کے خلاف سیتا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق ثمن نامی شخص عصمت کو جعلی نکاح نامہ بنا کر بلیک میل کر رہا تھا اور اسے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے رقم منتقل کرنے پر مجبور کر رہا تھا۔
عصمت کے والد نے اس بات کا بھی دعویٰ کیا تھا کہ ملزم عصمت کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی ہراسگی کی بہت زیادہ پریشان تھی جس کی وجہ سے اس نے خودکشی کرلی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں درج چار ملزمان میں سے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تاہم دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ثمن سولنگی تاحال مفرور ہے تاہم پولیس جلد ملزم تک پہنچ جائے گی۔ پولیس اس بینک کا ریکارڈ بھی چیک کررہی ہے جہاں سے عصمت نے ملزم ثمن سولنگی کو 90 ہزار روپے ٹرانسفر کرائے تھے۔