رینجرز اور پولیس شادی ہالز میں کورونا ایس او پیز کا جائزہ لے گی
شادی ہال میں ماسک کے بغیر داخلے کی اجازت نہ ہوگی، بچوں کی ویکسی نیشن نہ کروانے والے اسکول بند کردیئے جائیں گے، کمشنر کراچی کی زیرصدارت اجلاس میں اہم فیصلے۔
کراچی میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے انتظامیہ متحرک، کمشنر محمد اقبال میمن کی زیر صدارت اجلا س میں اہم فیصلے۔ ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران، نجی اسکولز ایسوسی ایشن کے نمائندگان، رینجرز، محکمہ صحت کے افسران اور دیگر کی شرکت۔
اجلاس کے دوران شہریوں میں ویکسی نیشن تیز کرنے اور اہداف حاصل کرنے کے لئے سخت فیصلے کرنے پر غور، شادی ہالز میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کا نوٹس لے لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان میں کورونا کی 5ویں لہر، مثبت کیسز کی شرح 6.12 فیصد ریکارڈ
100کورونا کے اومی کرون ویریئنٹ کی لہر تیز تر، 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ
اس موقع پر شادی ہالز کے لئے مقرر کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمشنر نے ایس او پیز پر عمل درآمد کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ شادی ہالز میں 1000 سے زائد مہمانوں کے داخلے کی اجازت نہیں دی جائے، اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں پولیس اور رینجرز پر مشتمل ٹیمیں شادی ہالز چیک کریں گی۔
ماسک کے بغیر شادی ہالز میں داخلہ کی اجازت نہیں ہو گی، ڈپٹی کمشنرز خود بھی شادی ہالز کا دورہ کر کے جائزہ لیں گے اور ایس او پیز پر عمل درآمد کرائیں گے۔
ماسک کی پابندی پر عمل درآمد کے لئے تمام ڈپٹی کمشنرز ٹیمیں بنائیں گے، مارکیٹوں، بینکس، ہوٹلز، شاپنگ مالز اور اجتماعات میں ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکولوں میں 12 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کی ویکسینشن کا ہدف حاصل کرنے کے لئے سخت اقدامات کیے جائیں، تعاون نہ کرنے والے اسکولوں کو بند کر دیا جائے گا۔