پاکستانی معیشت نسبتاً پائیدار بحالی کی جانب گامزن ہے،اقوام متحدہ
2021 میں معیشت میں 4.5فیصداضافہ ہوا، 2022 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 3.9 فیصد ہے،رپورٹ،دسمبر2020 کے مقابلے میں دسمبر2021 میں ترسیلات زر میں بھی اضافہ

اقوام متحدہ نے قرار دیا ہے کہ پاکستانی معیشت نسبتاً پائیدار بحالی کی جانب گامزن ہے،2021 میں معیشت میں 4.5فیصداضافہ ہوا، 2022 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 3.9 فیصد ہے۔دوسری جانب دسمبر 2020 کے مقابلے میں دسمبر 2021 میں ترسیلات زر میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت نجی کھپت، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے اور مالی امداد کی بدولت چل رہی ہے، پاکستان نے 2021 کی دوسری ششماہی میں شرح سود میں اضافہ کیا۔بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بڑھتے ہوئے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے باوجود شرح سود میں اضافہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کی معیشت میں حیران کن بہتری، ورلڈ بینک کی رپورٹ جاری
ملکی تاریخ میں پہلی بار پیٹرول کی قیمت 150 روپے ہونے کا خدشہ
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی بینک کو جامع بحالی،معاشی اور قیمتوں کے استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پالیسی میں تبدیلیوں کی شدت اور وقت کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ریونیو کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ مزید کثیر الجہتی تعاون بھی ضروری ہے۔
رپورٹ کے مطابق جی 20 قرضوں کی معطلی نے پاکستان جیسے ممالک کو خاطر خواہ ریلیف نہیں دیا۔قرض کی خدمات کے مقابلے میں بحالی کا تناسب 20فیصد سے کم یا اوسطاً جی ڈی پی کا تقریباً1.6فیصد رہا۔
دوسری جانب دسمبر2020 کے مقابلے میں دسمبر 2021 میں ترسیلات زر میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر2020 کے 2.43ارب ڈالر کے مقابلے میں 2021 میں ترسیلات زر2.52 ارب ڈالر رہیں۔6 ماہ میں ترسیلات زر بڑھ کر 15.807 ارب ڈالر ہو گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 14.203 ارب ڈالر رہی تھی۔
اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب سے ترسیلات زر بڑھ کر 4 ارب ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 3 ارب ڈالر، برطانیہ سے 2.1 ارب ڈالر اور امریکا سے 1.49 ارب ڈالر ہو گئے۔
دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔ کاروباری ہفتے کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج 0.92فیصد اضافے سے 45ہزار 763پوائنٹس پر بند ہوئی۔مارکیٹ کا یومیہ حجم11.8فیصد اضافے سے 355.61ملین شیئرز تک جاپہنچا۔ رواں ہفتے کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک روپے50 کم ہوکر 178روپےپر آگئی جبکہ انٹر بینک میں بھی ڈالر 57 پیسے کی کمی سے 176روپے 7پیسے پر بند ہوا۔
ادھرصرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 1450روپے کمی سے ایک لاکھ 24ہزار750 روپے پر آگئی ۔تاہم عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 1.4فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد سونے کی فی اونس قیمت 1823ڈالر تک جاپہنچی ہے۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 4.82فیصد اضافے سے 82.7ڈالر فی بیرل تک جاپہنچی ہے۔برنٹ کی قیمت بھی 4.27 فیصد اضافے سے 85.4ڈالر فی بیرل ہوگئی۔









