بیٹی کی ویڈیو بننے پر انوشکا اور کوہلی پریشان

جنوبی افریقہ اور بھارت کے کیپ ٹاؤن ون ڈے میچ کے دوران کیمرا مین نے انوشکا کی طرف کیمرا گھما دیا، وہ صاحبزادی وامیکا کو گود میں لی ہوئی تھیں۔

بھارتی کرکٹ ٹیم آج کل جنوبی افریقہ کے خلاف کرکٹ میچز کھیلنے کیلیے وہاں موجود ہے، تیسرے ون ڈے میچ میں آفیشل براڈکاسٹر نے کیمرے کا رخ انوشکا شرما اور وامیکا کی طرف کر دیا، یہ پہلا موقع تھا کہ کوہلی اور انوشکا کی صاحبزادی کو کیمرے پر دیکھا گیا۔

دونوں ہی اسٹارز اس بات سے سخت پریشان ہوئے۔ کوہلی اور انوشکا دونوں نے اپنی بیٹی کا چہرہ پبلک نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

ان کے مداح بھی اس بات پر سخت ناراض ہیں کہ بھارت کی سپر ہٹ جوڑی کی نجی زندگی میں مداخلت کی گئی ہے۔

گزشتہ روز بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ جاری تھا جب نشریات میں انوشکا شرما کو دکھایا گیا جو کہ وامیکا کو گود میں لی ہوئی تھیں۔

کچھ دیر کیلیے کیمرا ان دونوں پر ہی فوکس رہا، مداحوں نے بھی سوشل میڈیا پر اظہار ناراضگی کیا اور کوہلی اور انوشکا نے بھی خفگی کا اظہار کیا۔

دونوں نے لکھا کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز اسٹیڈیم میں ہماری بیٹی کی تصاویر لی گئی تھیں اور اس کے بعد بہت بڑے پیمانے پر انہیں شیئر بھی کیا گیا۔

ہم سب کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم اس کے لیے بالکل تیار نہ تھے اور معلوم نہ تھا کہ کیمرا ہماری طرف ہے، اس معاملے پر ہمارا موقف اور درخواست وہی ہے جو کہ پہلے تھی۔

ہم بہت شکرگزار ہوں گے اگر وامیکا کی تصاویر نہ کھینچی جائیں اور انہیں شائع نہ کیا جائے، اس کی وجوہات ہم پہلے ہی بتا چکے ہیں۔

دوسری طرف ویرات کوہلی جو کہ ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے چکے ہیں انہوں نے اپنی نصف سینچری اپنی بیٹی وامیکا کے نام کردی۔

خیال رہے کہ کوہلی اور انوشکا کے یہاں پچھلے سال وامیکا کی پیدائش ہوئی تھی اور جوڑے نے بیٹی کی تصاویر شیئر کرنے سے انکار کیا تھا، فوٹوگرافرز کو بھی تلقین کی گئی تھی کہ تصاویر نہ کھیچنیں اور انہیں شائع نہ کریں۔

دونوں اسٹارز نے کہا تھا کہ ہم اپنی بیٹی کی پرائیوسی چاہتے ہیں اور اسے میڈیا اور سوشل میڈیا سے دور ایک آزاد زندگی گزارنے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔

تو اس سلسلے میں آپ کی سپورٹ درکار ہے، ہم تمام مداحوں اور انٹرنیٹ صارفین کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے اپنے طریقہ کار سے ہٹ کر یہ کام کیا کہ وامیکا کی تصاویر شیئر نہیں کیں۔

متعلقہ تحاریر