بلاول بھٹو نے سندھ کے پہلے بون میرو ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کردیا

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے سندھ نے لیور ٹرانسپلانٹیشن کے 550 مفت کیسز کرکے قومی ریکارڈ توڑا ہے۔ ان کیسز میں سے 52 فیصد مریضوں کا تعلق سندھ، 29 فیصد کا تعلق پنجاب، 15 فیصد کا بلوچستان اور 3 فیصد کا تعلق خیبر پختونخواہ سے تھا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں بون میرو ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کردیا اور سندھ کے شعبہ صحتِ عامہ کی ترقی پر اپنی مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ اپنے وژن کے تحت صحت عامہ کی مفت سہولیات کو پاکستان بھر میں فراہم کریں گے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے اعلان کیا کہ گمبٹ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ کا علاج 100 فیصد مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جیسا اور کوئی ہسپتال نہیں جہاں جگر، گردے، بون میرو اور کینسر کا مفت علاج کیا جاتا ہو۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان پولیو فری ملک بننے کے قریب ہے،ڈاکٹرفیصل سلطان

پاکستانیوں کا خونی رشتوں میں شادی کا جنون نئی نسل کیلیے زہر قاتل

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد تھیلیسیمیا اور اس جیسی متعدد بیماریوں میں مبتلا ہیں اور بون میرو ٹرانسپلانٹ علاج کی سہولت کا مریضوں کی زندگیوں کے لیئے اچھا ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گمبٹ میں کینسر کا علاج سو فیصد مفت اور عالمی معیار کے مطابق کیا جاتا ہے۔

پی پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ٹریفک حادثات میں اضافے کی پیشِ نظر ریپڈ ریسپانس ایمرجنسی کی سہولت بھی شروع کی گئی ہے۔ اس کا مقصد دوسرے شہروں میں بھی اس طرح کے مراکز بھی کھولنا ہے تاکہ آتشزدگی اور حادثات سے شدید زخمی ہونے والوں کا بہترین علاج ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گمبٹ آج سے پاکستان میں شعبہ میڈیکل کا دارالخلافہ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا میں ملک کی تمام صوبائی حکومتوں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جیسا ایک اسپتال بنائیں، جہاں جگر، گردے، بون میرو اور کینسر کا مفت علاج کیا جائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے بتایا کہ سندھ نے لیور ٹرانسپلانٹیشن کے 550 مفت کیسز کرکے قومی ریکارڈ توڑا ہے۔ ان کیسز میں سے 52 فیصد مریضوں کا تعلق سندھ، 29 فیصد کا تعلق پنجاب، 15 فیصد کا بلوچستان اور 3 فیصد کا تعلق خیبر پختونخواہ سے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں جگر اور گردے کا ایک ادارہ ہے، جو ٹرانسپلانٹ کرتا ہے لیکن گمبٹ سے علاج کرنے والے پنجاب کے لوگوں کی تعداد مذکورہ اسپتال میں علاج کرانے والے مریضوں سے زیادہ ہے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بنائے گئے صرف تین اداروں گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، ایس آئی یو ٹی اور این آئی سی سی وی ڈی کا بجٹ پورے صوبہ خیبرپختونخوا ہیلتھ کارڈ کے بجٹ سے زیادہ ہے۔

متعلقہ تحاریر