شاہ محمود قریشی ملتان کی لڑائی سینیٹ میں لے آئے
گیلانی کا استعفیٰ ڈرامہ تھا، یہ کرسی نہیں چھوڑیں گے، کیا سب بھول گئے کہ یہ سینیٹ انتخاب کیسے جیتے تھے؟ وزیر خارجہ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کا استعفیٰ ڈرامہ تھا، یہ کرسی نہیں چھوڑیں گے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل اسٹیٹ بینک ترمیمی ایکٹ کے حوالے سے سینیٹ میں ووٹنگ کے دوران یوسف رضا گیلانی خود غیر حاضر تھے جب کہ اپنے اراکین کو سینیٹ پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے مستعفی ہونے کا اعلان
سینیٹ سے اسٹیٹ بینک بل کی منظوری، یوسف رضا گیلانی نے حکومتی قرض چکا دیا
شاہ محمود قریشی نے آج تقریر میں کہا کہ عوام اور اپوزیشن بھی یوسف رضا گیلانی کی وضاحتوں سے مطمئن نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ پہلے بھی ہاتھ ہوا اور آئندہ بھی ہوگا، یہ بہت طویل کھیل ہے، ہم ایک دوسرے کو بہت پہلے سے جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پاس بہت وضاحتیں ہوں گی لیکن یہ جھوٹ بولتے ہیں، یہ قائد حزب اختلاف کی کرسی پر براجمان رہیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ یہ اپوزیشن لیڈر کیسے منتخب ہوئے، ان کی ووٹ خریدنے کی ویڈیو میڈیا پر چلتی رہی جس کا کیس الیکشن کمیشن میں درج ہے۔
شاہ محمود قریشی کی تقریر کے دوران سینیٹ میں ہنگامہ آرائی ہوئی، اپوزیشن اور حکومتی اراکین کے مابین جملے بازی ہوتی رہی۔