صدارتی نظام کا شوشہ چھوڑ کر عوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی کا کہنا حکومت کوئی اور قوت چلارہی ہے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سراج الحق  نے کہا ہے کہ ملک میں صدارتی نظام کا شوشہ چھوڑ کر عوام کو مزید بے وقوف بنایا جارہا ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا گیا ، حکمران پارٹی اور اپوزیشن دونوں اس جرم میں برابر کے شریک ہیں۔

لوئر دیر: آدینزئی کے علاقہ اوسکئی میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کے موقع پر سماجی و کاروباری  شخصیت حاجی امیر نوشاد سمیت دیگر افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت کااعلان جبکہ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر اعزازالملک افکاری، تحصیل امیر سلطنت یار ایڈووکیٹ، عزیزاللہ خان، میرافضل خان نے بھی خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیے

یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے مستعفی ہونے کا اعلان

جماعت اسلامی کامیاب،سندھ حکومت نے بلدیاتی قانون پر گھٹنے ٹیک دیے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاکہ ملک بدترین مہنگائی اور بے روزگاری کی لپیٹ میں ہے جبکہ وزیراعظم خود بے بس بیٹھا ہوا ہے، حکومت کوئی اور قوت چلارہی ہے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت عوامی مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک کو امریکہ کے حوالے کیا گیا جبکہ ملک 56 ارب ڈالر کا مقروض ہے اور پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں کیا ہونگی یہ اب آئی ایم ایف طے کرے گا، جبکہ دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ اور کرنسی کو حقیر سمجھا جا رہا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ باہر سے لوگ آکر راتوں رات وزرائے اعظم اور وزراء بن جاتے ہیں، سودی نظام کا خاتمہ اور شرعی قوانین کانفاذ جماعت اسلامی کا مشن ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے اوربرسراقتدار آکر ملک میں مکمل اسلامی نظام نافذ کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اس موقع پر کا کہا تھا کہ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو ٹوپیاں پہنائیں، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں جماعت اسلامی دیر لوئر میں کلین سویپ کرے گی، انہوں نے کہاشمولیتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور جماعت اسلامی یہاں کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے۔

متعلقہ تحاریر