پی ایس ایل 7: لاہور  میں 50 فیصد شائقین کرکٹ کو میچ دیکھنے کی اجازت

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر 12 سال سے کم عمر بچوں کو بھی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دے دی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لاہور میں ہونے والے میچز میں تماشائیوں کی گنجائش کو بڑھاتے ہوئے 25 فیصد سے 50 فیصد کردیا ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لاہور لیگ میچز کے دوران 12 سال سے کم عمر بچوں کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دے دی۔

یہ بھی پڑھیے

گلیڈی ایٹرز کو دھچکہ،حسنین کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار

تکیوں کی لڑائی اب بیڈروم میں نہیں باکسنگ رنگ میں ہوگی

واضح رہے کہ این سی او سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو کراچی لیگ کے دوران اسٹیڈیم کو 25 فیصد گنجائش سے بھرنے کی اجازت دی تھی جبکہ 12 سال سے کم عمر بچوں کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔

اسٹیڈیم میں بچوں کے کرکٹ دیکھنے پر پابندی لگانے پر پی سی بی کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اہم اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت ہوا جس میں ملک بھر میں اور خصوصی طور پر لاہور میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 10 فروری سے 15 فروری تک پچاس فیصد مکمل ویکسین شدہ افراد کو میچز دیکھنے کی اجازت ہو گی جبکہ 16 فروری سے قذافی اسٹیڈیم میں 100 فیصد مکمل ویکسین شدہ افراد کو میچز دیکھنے کی اجازت ہوگی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے آغاز سے کچھ روز پہلے این سی او سی نے بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے پیش نظر کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بیٹھے کی گنجائش 25 فیصد تک کم کر دی تھی، تاہم کیسز میں کمی کی وجہ سے این سی او سی نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کی ہے۔

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن سیون کا دو مرحلہ 10 فروری سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔ لاہور میں کھیلنے جانے والے پہلے میچ میں اب تک ناقابل شکست ملتان سلطانز کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔

متعلقہ تحاریر