خاتون اول کی علیحدگی کا قضیہ فیک نیوز ثابت ہوا

فرح خان نے وزیر اعظم عمران خان اور خاتون اول بشریٰ بی بی کی علیحدگی کی افواہوں کو مسترد کر دیا جبکہ شہباز گل کا کہنا جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو عدالت لے کر جائیں گے۔

خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان نے وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان علیحدگی کی افواہوں کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔

خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ "جھوٹ پر مبنی واٹس اپ میسیج کے ذریعے وزیراعظم اور خاتون اول کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔”

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم کا 2 لاکھ 38 ہزار حل شدہ شکایات کے ازسر نو جائزے کا حکم

سندھ اسمبلی:طلبہ یونین کی بحالی کا تاریخی بل  متفقہ طور پر منظور

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "خاتون اول میرے گھر قطعاً قیام پذیر نہیں اور بنی گالا اسلام آباد میں موجود ہیں۔ سیاست میں اتنا نیچے نہیں گرنا چاہیے کہ لوگوں کی ذاتی زندگیوں پر جھوٹ بولے جائیں.”

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کی علیحدگی سے متعلق افواہوں پر کڑی تنقید کی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے کہ ” وزیراعظم اور خاتون اوّل بشری عمران خان کے بارے گھٹیا اور من گھڑت خبریں دینے پر پہلے ہی نجم سیٹھی کے خلاف ہم عدالت میں ہیں۔”

شہباز گل کا کہنا ہے کہ "ابھی بھی جو لوگ خاتون اوّل کے بارے جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ خاتون اوّل اور وزیراعظم دونوں اسلام آباد میں موجود ہیں۔”

ڈاکٹر شہباز گل کا مزید کہنا ہے کہ "پورے ایک سال میں خاتون اوّل صرف ایک ہفتےکے لئے لاہور تشریف لے کر گئیں۔ پچھلے چند مہینوں سے وہ لاہور تشریف نہیں لے کر گئیں اور اسلام آباد میں تشریف فرما ہیں۔”

معاون خصوصی شہباز گل نے مخالفین کو انتباہ جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "سیاست اور صحافت کریں لیکن اہلخانہ جو سیاست میں موجود ہی نہیں ان کے بار جھوٹی جعلی خبریں دیں گے تو عدالت لے کر جائیں گے۔”

متعلقہ تحاریر