کراچی؛ بی آر ٹی ریڈلائن کے پہلے مرحلے پر 14 ارب سے تعمیراتی کام کی منظوری
منصوبے کی کل لاگت 78384.33 ملین روپے ہےجس کے لئے 240 بسیں خریدی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملیر ہالٹ سے موسمیات تک 25 کلومیٹر طویل بی آر ٹی ریڈ لائن کے پہلے مرحلےپر 14 ارب روپے سے تعمیراتی کام شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ منصوبے کی کل لاگت 78384.33 ملین روپے ہےجس کے لئے 240 بسیں خریدی جائیں گی۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلی ہاؤس میں ٹرانس کراچی کے اجلاس کی صدارت کرتےہوہئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کاکہنا تھاکہ ، یہ کراچی والوں کے لیے اچھی خبر ہے اور مجھے یقین ہے کہ کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا جائے گا تاکہ اسے ڈھائی سال میں مکمل کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے
مراد علی شاہ نے قائم علی شاہ کی یاد تازہ کردی
پارلیمنٹ نے 2013 کی مردم شماری میں سندھ کے حقوق کو بلڈوز کیا، مراد علی شاہ
اجلاس میں مشیر قانون اور ایڈمنسٹریٹری کراچی مرتضی وہاب، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ خالد شیخ، محمد شائق عثمانی، رخسانہ راہوجو، وائس چانسلر این ای ڈی ڈاکٹر سروش لودھی، ٹرانس کراچی کے سی ای او واصف جلیل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 78384.33 ملین روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے کراچی بی آر ٹی ریڈ لائن (کے بی آر ٹی) پراجیکٹ پر اے ڈی بی اور شریک فنانسرز بشمول اے ایل آئی بی، اے ایف ڈی اور جی سی ایف کے تعاون سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ منصوبے کے اندر انفرااسٹرکچر سے متعلق مختلف کاموں میں سے ایک اہم ترین کام KBRT پراجیکٹ کے BRT کوریڈور کے اندر یوٹیلٹیز کی منتقلی ہے۔ پہلی لاٹ پر کام مارچ کے دوسرے ہفتے میں شروع کر دیا جائے گا جس کے لیے مشینری کو ملیر ہالٹ میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
ٹرانس کراچی پراجیکٹ کے لیے امپلیمنٹنگ ایجنسی ہے۔KBRT پراجیکٹ کوریڈور شہری علاقوں سے گزرتا ہے جو ملیر ہالٹ سے شروع ہوتا ہے اور ملیر کنٹونمنٹ، صفورا، یونیورسٹی روڈ اور نمائش سے ہوتا ہوا ٹاور پر ختم ہوتا ہے۔ KBRT ریڈ لائن انفراسٹرکچر کے لیے سول ورک کو دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ LOT-1 ملیر ہالٹ سے موسمیات تک اور LOT-2 موسمیات سے نمائش تک۔ LOT 1 کا معاہدہ 8 دسمبر 2021 کو ایک کامیاب بولی دہندہ کے ساتھ 14 بلین روپے میں دستخط کیا گیا تھا جبکہ LOT-2 پر 4 جنوری 2022 کو چائنا ریلوے اور AM ایسوسی ایٹس کے مشترکہ منصوبے (JV) کے کامیاب بولی دہندہ کے ساتھ 16 بلین روپے میں دستخط کیے گئے تھے۔
بی آر ٹی ریڈ لائن 25 کلومیٹر طویل کوریڈور ہے جس میں روزانہ 300,000 سے زیادہ مسافر سوار ہوں گے، منصوبے کے مطابق اس منصوبے کے لیے 240 بسیں خریدی جائیں گی اور ان کے پروکیورمنٹ آرڈر 2023 کے آخر تک دیے جائیں گے۔









