پشاور، نماز جمعہ کے دوران مسجد میں خودکش دھماکہ، 57 افراد جاں بحق
ترجمان لیڈری ریڈنگ اسپتال کے مطابق 194 افراد زخمی، متعدد کی حالت تشویشناک، شہید پولیس اہلکاروں کی نمازہ جنازہ ادا کردی گئی۔

پشاور میں کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں زور دار دھماکہ، 56 افراد جاں بحق جبکہ 194 زخمی ہیں، زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق پشاور کا علاقہ کوچہ رسالدار دھماکے سے گونج اٹھا، کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں 56 افراد جاں بحق جبکہ 194 زخمی ہوگئے۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق زخمیوں کو بروقت طبی سہولتیں دی گئیں لیکن 56 افراد جاں بحق جبکہ 194 زخمی ہیں۔
سی سی پی او پشاور محمد اعجاز کے مطابق دہشتگردوں نے مسجد کی سیکیورٹی ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی۔
سی سی پی او نے بتایا کہ ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
ایس ایس پی آپریشنز پشاور ہارون رشید نے کہا ہے کہ مسجد پر خودکش حملہ ہوا، حملے کا کوئی الرٹ نہیں تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کالے کپڑوں میں ملبوس شخص پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرکے مسجد کے اندر داخل ہوا۔
قصہ خوانی بازار دھماکے میں شہید ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جنازے میں شرکت کی۔
صوبائی کابینہ اراکین کامران بنگش، بیرسٹر محمد علی سیف، آئی جی پولیس اور دیگر سرکاری حکام بھی جنازے میں شریک ہوئے۔
شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز پشاور میں ادا کی گئی، پولیس کے دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔









