ورلڈ بینک نے پاکستان کیلیے 43 کروڑ ڈالر کا نیا قرضہ منظور کرلیا
قرضے کی رقم تین منصوبوں میں تقسیم ہوگی، نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت گھر خریدنے والے 70 ہزار پاکستانی مستفید ہوں گے۔

ورلڈ بینک نے پاکستان کے لیے 43 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرضے کی منظوری دے دی ہے، اس قرضے سے کم آمدنی والے شہریوں کو گھر تعمیر کرنے کے لیے قرضہ دیا جائے گا۔
رقم کی تقسیم کچھ اس طرح ہوگی کہ 8 کروڑ 50 لاکھ ڈالر پاکستان ہاؤسنگ فنانس پراجیکٹ پر، 15 کروڑ ڈالر پنجاب اربن لینڈ سسٹم پراجیکٹ پر اور 20 کروڑ ڈالر پنجاب ہاؤسنگ پروگرام کے لیے مختص کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
ایک ارب ڈالر مالیت والے مشرق وسطیٰ کے 5 اسٹارٹ اپس
وزیراعظم کا افغانستان کے لیے 5 ارب روپے کے امدادی پیکج کا اعلان
تینوں منصوبوں کے ذریعے کم آمدنی والے شہریوں کو مکان کی تعمیر کے لیے درکار قرضوں کی ضرورت پوری کی جا سکے گی۔
کم آمدنی والے افراد شہری علاقوں میں بھی مکان تعمیر کر سکیں گے۔
پاکستان کے لیے عالمی بینک کے ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے کہا کہ پاکستان 20 کروڑ سے زائد آبادی والا ملک ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ آبادی کی وجہ سے یہاں سستے مکان کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک کے تینوں پراجیکٹس سے کم آمدنی والے گھرانوں کو پرائیوٹ سیکٹر کے تعاون سے آسان قرضہ فراہم کیا جا سکے گا۔
کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے مزید کہا کہ 2018 میں شروع کیے گئے کریڈٹ رسک شیئرنگ کو اضافی فنانسنگ سے مزید تقویت ملے گی۔
اس طرح پاکستان میں ‘میرا پاکستان، میرا گھر’ ہاؤسنگ اسکیم کے تحت گھر خریدنے والے 70 ہزار افراد اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔