کنول شوزب کا صحافی رضوان رضی کیخلاف ایف آئی اے سے رجوع

رضوان رضی نے اپنے وی لاگ میں میرے خلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کی،میرے اور میرے شوہر کے کردار پر بے بنیاد الزامات  عائد کیے،رکن قومی اسمبلی کا درخواست میں موقف

تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی کنول شوزب نے وی لاگ میں سنگین الزامات عائد کرنے پر سینئر صحافی رضوان رضی کیخلاف ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں تحریری شکایت جمع کرادی۔

کنول شوزب نے اپنی درخواست کا عکس اور وزیراعظم سٹیزن پورٹل کی جانب سے موصول ہونے والا تصدیقی پیغام ٹوئٹر پر شیئر کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

کنول شوزب اور رضوان رضی کی لڑائی پر سوشل میڈیا صارف کا بیہودہ تبصرہ

تحریک عدم اعتماد پر تشدد کا خطرہ ، حزب اختلاف کا عدالت جانے کا فیصلہ

کنول شوزب نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ سائبر قوانین کی خلاف ورزی اور تہمت لگانے پر رضوان رضی کیخلاف میں نے ایف آئی اے میں درخواست جمع کروادی ہے ۔ فوجداری قوانین کے تحت  بھی میں یہ حق استعمال کرنے کاارادہ رکھتی ہوں۔انہوں نے مزید لکھا کہ میں  اب اس غلاظت کیخلاف چٹان کی طرح کھڑی ہوں اور پیچھے نہیں ہٹوں گی۔

کنول شوزب نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک لاکھ سے زائد فالوور رکھنے والے خودساختہ مشہور صحافی رضوان رضی جو کہ عوام پر کافی اثر و رسوخ رکھتے ہیں، نے اپنے  ایک وی لاگ میں میرے خلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کی ہے اور میرے کردار  پر بے بنیاد الزامات  عائد کیے ہیں۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ وی لاگ میں انہتائی فحش زبان استعمال کی گئی ہے اور الزامات اس قدر بدترین ہیں کہ انہیں دہرانا بھی ناممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے قانون کے تحت خواتین کے کردار پر الزامات کو سنگین جرم سمجھا جاتا ہے اور شرعی قوانین میں بھی اس کی سخت سزا ہے۔

کنول شوزب نے اپنی درخواست میں مزید لکھا کہ  رضوان رضی نے  میرے شوہر پر بھی بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں  جوکہ ایک سینئر پیشہ ور شخصیت ہیں۔

متعلقہ تحاریر