تحریک انصاف کے بغیر قومی حکومت تشکیل دی جائے، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے حامد میر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو نکال کر قومی حکومت بنائی جائے جو کہ ملک کیلیے کام کرے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے حامد میر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میری رائے کے مطابق ہمیں پی ٹی آئی کے علاوہ ایک قومی حکومت بنانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس قومی حکومت میں سب مل کر شبانہ روز کوشش کریں اور ملک کے لیے اپنا خون پسینہ بہائیں۔

اس موقع پر حامد میر نے سوال کیا کہ اگر آپ ایک قومی حکومت بنانا چاہتے ہیں تو پی ٹی آئی کے بغیر کیسے قومی حکومت بنے گی؟

شہباز شریف نے کہا کہ ان کے بغیر اس لیے کیونکہ انہوں نے معاشرے میں جو زہر گھولا ہے اور جو کچھ کیا ہے وہ اگلے کئی سال تک صاف نہیں ہوسکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور تحریک انصاف سے اس لیے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے۔

حامد میر نے نہایت اہم نکتہ اعتراض اٹھایا کہ ایک طرف شہباز شریف نے قومی حکومت کی بات کی جس میں تمام سیاسی جماعتیں شامل ہوتی ہیں۔

دوسری طرف انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے علاوہ قومی حکومت بنائی جائے۔

یہ کس طرح کی قومی حکومت ہوگی کہ عام انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی جماعت جس نے ایک مدت بھی مکمل کی ہو، اسے قومی حکومت میں شامل نہ کیا جائے؟

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق تحریک انصاف نے 2018 کے انتخابات میں ایک کروڑ 69 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے تھے۔

یہ ووٹ کُل ڈالے گئے ووٹوں کا 31.82 فیصد بنتے ہیں۔ اب شہباز شریف صاحب یہ سمجھائیں کہ ایک ایسی سیاسی جماعت جس نے انتخابات میں 30 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے ہوں اسے نکال کر کون سی قومی حکومت کی تشکیل کا خواب دیکھا جا رہا ہے؟

متعلقہ تحاریر