تاجروں نے وزیر بلدیات ناصر حسین کا شہر لاوارث قرار دے دیا
انجمن تاجران سکھر کے جنرل سیکریٹری کا کہنا ہے متعلقہ ادروں کی لاپرواہی سے شہر میں جاری ترقیاتی کام ٹھپ پڑے ہیں جس کی وجہ سے موہنجوداڑو کا عکس پیش کرنے لگا ہے۔
سکھر انجمن تاجران فرئیر روڈ کے جنرل سیکریٹری زبیر کریم ملک نے وزیر بلدیات ناصر حسین کا شہر لاوارث قرار دیتے ہوئے کہا کہ سکھر کے منتخب نمائندگان کی عدم دلچسپی اور نااہلی کے باعث وزیر بلدیات ناصر حسین کا شہر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔
سیکرٹری جنرل انجمن تاجران زبیر کریم ملک کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادروں کی لاپرواہی سے شہر میں جاری ترقیاتی کام مکمل نہیں ہوپارہے ہیں۔ متعلقہ ادروں کی خواب خرگوش کی وجہ سے روڈ ، گلیاں اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے شہر مونجوداڑو کا عکس پیش کرنے لگا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
شیخ رشید کو مچھ جیل میں قید دیکھ رہا ہوں ، منظور وسان
بلاول بھٹو کے حلقہ انتخاب میں قائم ڈسپنسری عرصہ 8 سال سے سہولیات سے محروم
انہوں نے کہا کہ شہر کی سڑکوں پر چلنا انتہائی دشوار ہو گیا ہے جبکہ شہریوں کو آمدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔ متعلقہ افسران کا شکایات کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
تاجر تنظمیوں کے وفد اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زبیر ندیم ملک کا مزید کہنا تھا کہ شہر کے مختلف علاقوں فرئیر روڈ ، جناح چوک ڈھک روڈ ، پرانہ سکھر ،نمائش ،قریشی گوٹھ ،نیو پنڈ ،گڈانی پھاٹک روڈ ،بھوسہ لائن روڈ سمیت دیگر علاقوں میں نکاسی و فراہمی کے ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار نظر آرہے تو شہر کی سڑکیں روڈ اور گلیاں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سکھر کے کئی علاقوں میں بھی خطیر رقم سے نکاسی و وفراہمی آب کی ڈالی جانیوالی لائن کا کام ٹھیکیدار اور سرکاری افسران کی نااہلی اور سست روی اختیار کرنے کی وجہ سے ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا اور سڑک مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہے ، نالیوں اور گٹروں سے نکلنے والا گندا پانی جمع ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں سمیت وہاں سے گزرنے والے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انجمن تاجران سکھر کے جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا شکایات کے باوجود انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ، نکاسی آب کے نظام کی درستگی کیلئے ترقیاتی کام مکمل کرنے کیلئے ہنگامی طور پر اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کی وجہ علاقہ مکین پریشان حال زندگی بسر کرنے پر مجبورہیں متاثرہ علاقہ کے تاجروں مکینوں اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لیکر بنیادی و بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔









