سپریم کورٹ کا حکم، کورنگی کراسنگ میں قائم متعدد شادی ہالز مسمار
ایس بی سی اے کے حکام کا کہنا ہے شادی ہالز کی مسماری کا کام عدالت عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں جاری ہے ، رخنہ ڈالنے والوں کو گرفتار کرلیا جائےگا۔
کراچی کورنگی کے شادی ہالز کا بھی نمبر آگیا ، سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں اینٹی انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، ایس بی سی اے اور ڈپٹی کمشنر نے ناجائز تعمیرات کے خلاف کورنگی کراچی میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد شادی ہالز کو مسمار کردیا ہے۔
اینٹی انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، ایس بی سی اے اور ڈپٹی کمشنر نے سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت کورنگی کراسنگ پر تعمیر ناجائز شادی ہالز خلاف ایکشن کرتے ہوئے متعدد کو مسمار کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ماہی گیروں کی بستی ریڑھی گوٹھ سیوریج کے پانی میں ڈوب گیا
سکھر میں شراب کی غیرقانونی فروخت جاری، پولیس نے آنکھیں موند لیں
انتظامیہ کی جانب سے کورنگی میں غیر قانونی بنے شادی ہالز اور بینکوئٹ کو مسمار کرنے کا عمل جاری ہے ، آپریشن میں ڈپٹی کمشنر ، ایس بی سی اے اور اینٹی انکروچمنٹ فورس حصہ لے رہی ہے۔
نیوز 360 کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مین روڈ کورنگی پر سپریم کورٹ نے بیالیس شادی ہالز اور بینکوئٹ مسمار کرنے کا حکم دیا تھا۔
شادی ہالز اور بینکوئٹ کے خلاف اس سے قبل تین بار آپریشن ملتوی کیا جاچکا ہے۔ شادی ہالز کے خلاف آپریشن کے لیے ضلعی پولیس اور رینجرز کی نفری بھی موقع پر موجود تھی۔
اس موقع پر ایس بی سی اے کے حکام کا کہنا تھا کہ ناجائز طور پر تعمیر شدہ شادی ہالز کے خلاف کارروائیاں سپریم کورٹ کے حکم پر کی جارہی ہیں، اگر کسی نے کارروائی کے دوران رخنہ ڈالنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









