اتحادی جماعتوں کا متوقع اعلان ، ن لیگ کا لانگ مارچ 2 دن کے لیے ملتوی
ذرائع کا کہنا ہے اتحادیوں نے اپوزیشن کے حق میں اعلان کردیا تو مقتدد قوتیں وزیراعظم کو مجبور کردیں گی کہ اقتدار کی قربانی دے دیں۔

اتحادی جماعتوں کے متوقع اعلان کے پیش نظر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اسلام آباد کی جانب اپنے لانگ مارچ کو دو دن کے لیے ملتوی کردیا ہے۔ نیوز 360 کے ذرائع کا کہنا ہے حکومت کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے حزب اختلاف کے حق میں اعلان متوقع ہے۔
گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے
جلسوں میں فوج مخالف بیانیہ، ملاقاتوں میں سر بسجود
اتحادی حکومت کیساتھ نہیں رہے،اعلان میں ایک آدھ دن لگے گا،فضل الرحمٰن
اجلاس میں لانگ مارچ کو 2 روز کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کی باقاعدہ منظوری ن لیگ سے تاحیات سربراہ نواز شریف نے دی۔
فیصلے کے مطابق اب لانگ مارچ 26 مارچ کو لاہور سے روانہ ہوگا اور 27 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق 24 مارچ کو لانگ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز کی قیادت میں قافلے لاہور سے روانہ ہونے تھے۔
لانگ مارچ کی انتظامیہ کے مطابق قافلے نے 25 مارچ کو گوجرانوالہ سے جہلم اور پھر 26 مارچ کو راولپنڈی پہنچنا تھا۔
نیوز 360 کے ذرائع کا بتانا ہے کہ لانگ مارچ دو دن کے لیے ملتوی اس بنا پر کیا گیا ہے کیونکہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے حزب اختلاف کے حق میں فیصلہ آنا متوقع ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ متوقع اعلان کے پیش نظر ن لیگ کی قیادت نے مارچ دو دن کے لیے ملتوی کیا ہے ، اگر اعلان ہو جاتا ہے تو ممکن ہے کہ مسلم لیگ ن مارچ بالکل ہی منسوخ کردے تاکہ کارکنان کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچایا جاسکے۔
ذرائع نے نیوز 360 کا بتایا ہے کہ اگر اتحادیوں نے اپوزیشن کے حق میں اعلان کردیا تو مقتدد قوتیں وزیراعظم عمران خان کو اتنا مجبور کردیں گی کہ وہ خود ہی استعفیٰ دے کر اقتدار سے الگ ہوجائیں گے۔
واضح رہےکہ اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کررکھا ہے ۔ حکمران جماعت کی جانب سے جلسے میں 10 لاکھ افراد دی شرکت کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔









