کمالیہ:جائیداد کے تنازع پر فائرنگ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق

گذشتہ روز چاہ طرف والا میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کے باپ بیٹے کو قتل جبکہ خاتون کو زخمی کردیا تھا۔

صوبہ پنجاب کے ضلع کمالیہ کے نواحی علاقے چاہ طرف والا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی خاتون بھی الائیڈ اسپتال میں دم توڑ گئی ، فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہو گئی۔

گذشتہ روز فائرنگ واقعہ میں باپ بیٹے کے قتل کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی بیوہ شبنم بی بی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے الائیڈ اسپتال فیصل آباد میں دم توڑ گئیں۔

یہ بھی پڑھیے

پتوکی: شادی میں تشددسے پاپڑ فروش ہلاک، باراتی لاش کے پاس کھانا کھاتے رہے

مقتولہ کو انتہائی تشویشناک حالت میں کمالیہ سے الائیڈ اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تھانہ صدر پولیس نے مقتولہ کے بھائی انجم غنی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف زیر دفعہ 302, 324 ,109 اور 34 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق 125 موٹر سائیکل پر آنے والے 3 نامعلوم افراد نے مقتولین کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتارا اور فرار ہو گئے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول امداد خاں کے مختلف لوگوں سے جائیداد کے تنازعات چل رہے تھے تاہم پولیس نے مختلف محرکات کے پیش نظر قاتلوں کی گرفتاری کے لیے ڈی پی او  ٹوبہ کی ہدایات پر تفتیش شروع کر دی ہے۔

واردات کے فوری بعد ڈی پی او نے ڈی ایس پی سرکل کمالیہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم کو سخت ہدایات کے ساتھ ملزموں کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا، تاہم ملزموں کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

متعلقہ تحاریر