وزیر اعظم عمران خان کا اہم شخصیات کے مشورے پر استعفیٰ دینے سے انکار
اہم شخصیات وزیراعظم کو استعفے پر قائل کرنے کیلیے آج پھر ملاقات کریں گی، وزیراعظم 27مارچ کو کیا سرپرائز دیں گے؟ نیوز 360 نے کھوج لگالیا

ملک کی اہم شخصیات نے موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لیے وزیر اعظم عمران خان کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیدیا۔ تاہم وزیراعظم نے استعفیٰ دینے سے صاف انکار کردیا ہے۔
نیوز 360 نے 27مارچ کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیے جانے والے سرپرائز کا بھی کھوج لگالیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا، تحریک عدم اعتماد ایجنڈے میں شامل
وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستان میں جلد الیکشن ہونے کا اشارہ دے دیا
نیوز360 کے ذرائع کے مطابق گزشتہ رات اہم شخصیات نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی اور موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لیے انہیں 27 مارچ سے قبل مستعفی ہونے کا مشورہ دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات کرنے والی اہم شخصیات پر واضح کردیا ہے کہ وہ کسی صورت استعفیٰ نہیں دیں گے اور آخری وقت تک مقابلہ کریں گے۔
وزیراعظم 27مارچ کو کیا سرپرائز دیں گے؟
ذرائع کے مطابق 27مارچ کو عوامی قوت کا مظاہرہ ہی وزیراعظم کا سرپرائز ہوگا۔وزیراعظم اور ان کی کابینہ نے ایک لاکھ افراد کا مجمع پریڈ گراؤنڈ میں جمع کرنے کا ہدف طے کیا ہے۔
ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ وزیراعظم ایک لاکھ کے مجمع کے سامنے اہم انکشافات کریں گے۔اداروں کے حوالے سے متنازع الزامات عائد کریں گے اور کچھ عہدیداران کے خلاف کرپشن کے ثبوتوں کے ساتھ عدالت جانے کی دھمکی دیتے ہوئے تحریک عدم اعتماد واپس لینے کی ڈیڈ لائن جاری کریں گے۔
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق اہم شخصیات آج پھر وزیراعظم سے ملاقات کریں گی اور انہیں مستعفی ہونے پر قائل کرنے کی کوشش کی جائےگی۔









