تعلیم  کامیابی کی کنجی  ہے اور ہمیشہ رہے گی، نادیہ حسین کا ناقدین کو جواب

اداکارہ نادیہ حسین کو حالیہ انٹرویو میں نوجوان ماڈلز کو ان پڑھ اور پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے کا طعنہ دینے پر تنقید کا سامنا تھا

سپر ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین نے نوجوان ماڈلز کو ان پڑھ  اور پسماندہ   طبقے سے تعلق  رکھنے کا طعنہ دینے کے  کے بعد خود پر ہونے والی تنقید کا جواب دیدیا،کہتی ہیں تعلیم کامیابی کی کنجی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔

نادیہ حسین حال ہی میں فیشن ڈیزائنر دیپک پروانی کے ساتھ نجی ٹیلی وژن کے پروگرام ٹائم آؤٹ ود احسن میں شرکت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

کبریٰ خان اور گوہر ممتاز کی نئی فلم”ابھی“ کا ٹیزر جاری

عاصم اظہر اور میرب علی نے ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا بچی کیساتھ گانا گایا

نادیہ حسین نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ماضی میں ماڈلنگ کی دنیا میں آنے والی لڑکیاں پڑھی لکھی، اعلیٰ کلاس اور پراثر شخصیت کی مالک ہوتی تھیں مگر اب ایسا نہیں۔انہوں نے کہا کہ اب ماڈلنگ میں طرح طرح کی لڑکیاں آ چکی ہیں، جو نہ تو تعلیم یافتہ ہیں، نہ تو ان کی کلاس ہے اور نہ ہی ان کی شخصیت ہوتی ہے۔

نادیہ حسین کے مطابق اب ماڈلنگ کے لیے کوئی معیار ہی نہیں، جس وجہ سے بہت ساری اور طرح طرح کی لڑکیاں آگئی ہیں، جن کی ماڈل بننے کی شخصیت ہی نہیں اور نہ ہی ان کے پاس تعلیم ہوتی ہے۔

فریحہ الطاف، سارہ ذوالفقار اور فریحہ جیکب سمیت کئی شوبز شخصیات اور ماڈلز نے نادیہ حسین کی گفتگو سے عدم اتفاق کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

فریحہ الطاف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ انہوں نے نوجوان ماڈلز کے ساتھ کام کیا ہے جو نہ صرف اعلیٰ اخلاق کی مالک ہیں بلکہ وہ تعلیم یافتہ اور سخت محنت کرنے والی بھی ہیں۔

ماڈل سارہ ذوالفقار نے بھی  اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے خود سے کم مواقع ملنے والی نوجوان ماڈلز کے ساتھ بھی کام کیا ہے اور تمام ماڈلز اعلیٰ کردار اور اخلاق کی مالک ہیں اور محنت اور جذبے سے کام کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ انہوں نے ایسے اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ اور گھرانے بھی دیکھے ہیں جنہیں کسی چیز کا علم نہیں ہوتا اور وہ دوسروں پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔

فیشن انڈسٹری کی جانب سے شدید تنقید کے بعد نادیہ حسین نے اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں ناقدین کو قائل کرنے کی کوشش کی ہے۔

اداکارہ نادیہ حسین نے لکھا کہ اس  بات سے انکار نہیں کہ تعلیم آپ کو ممتاز کرتی ہے۔ یہ آپ کو زندگی میں بڑے اہداف اور مقاصد اور خواہشات فراہم کرتی ہے۔ پڑھے لکھے لوگ یقینی طور پر ہمیشہ کسی سے بھی ایک درجہ اوپر ہوتے ہیں! وہ ان پڑھ لوگوں  کے مقابلے میں ہمیشہ ایک اعلیٰ  شخصیت اور برتاؤ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

نادیہ حسین نے مزید لکھا ہک  تعلیم آپ کو دنیا دار اور عقلمند بناتی ہے! تعلیم آپ کو اونچی اڑان  کے قابل بناتی ہے  اور ایسا ہم زندگی کے ہر شعبے میں دیکھتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ  میں ہمیشہ تعلیم کو کسی بھی چیز پر ترجیح دوں گی، تعلیم اور ہنرالگ الگ چیزیں ہیں، ان کا موازنہ ایسا ہی ہے جیسے سیب اور کینو کا موازنہ کیا جائے ۔لیکن تعلیم ہمیشہ آپ کی رہنمائی کرے گی کہ زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہیں! اس بات کو جانیں اور سمجھیں کہ اگر آپ تعلیم یافتہ ہیں  تو آپ وہ نہیں ہیں جن کے بارے میں بات کی جا رہی ہے! تعلیم کامیابی کی کنجی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے ساتھ لکھا کہ ہاں ہاں اب آئیں  اور دلیل دیں کہ تعلیم مکمل  بکواس  اور زندگی میں بیکار ہے۔میں ہمیشہ  تعلیم کا ساتھ دوں گی چاہے آپ کوئی بھی کام کریں۔

متعلقہ تحاریر