آرمی چیف کو نواز شریف نے غاصب قرار دیا تھا کے سوال پر مریم نے چپ سادھ لی
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا ہے عمران خان وہ چوہا ہے جو لوگوں کا گیس ، بجلی ، ڈیزل ، آٹا اور سکون کھا گیا ہے۔ وزیراعظم نے بدتمیزی کے نئے ریکارڈ قائم کردیئے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے حوالے سے نواز شریف کے بیان پر کیے گئے سوال کو گول کر گئیں۔ صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ ٹھیک ایک سال پہلے میاں نواز شریف نے گوجرانوالہ جلسے میں آرمی چیف کو غاصب قرار دیا تھا اس پر آپ کیا کہتی ہیں۔
گوجرنوالہ میں حمزہ شہباز کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو چوہا قرار دے دیا۔ کہتی ہیں آج کا جلسہ امر بالمعروف کے نام پر کیا جارہا ہے مگر اس جلسے پر قومی وسائل استعمال کیے جارہے ہیں۔ جلسے کے لیے سرکاری ٹرینوں کا استعمال کیا گیا۔ عوام سے گیس چھین لینا امر بالمعروف ہے ، یا بدتمیزی یا بدتہذیبی کے نئے ریکارڈ قائم کرنا امر بالمعروف ہے ، آپ مولانا فضل الرحمان کو بار بار ڈیزل کہہ کر بلاتے ہیں، کیا یہ امر بالمعروف ہے۔
یہ بھی پڑھیے
جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا
بلاول کی وزیراعظم کو بشریٰ بی بی کی کرپشن بے نقاب کرنے کی دھمکی
مریم نواز شریف کا کہنا تھا اگر پورے پاکستان میں آج ڈیزل کہلانے کا کوئی حقدار ہے تو وہ عمران خان ہے۔ ڈیزل کی قیمتیں جس طرح سےبڑھی ہیں اس لیے ڈیزل کا نام عمران خان کے نام سےمنسوب ہونا چاہیے۔ بلاول بھٹو نے پندرہ سالوں میں اردو سیکھی یا نہیں مسئلہ یہ نہیں ہے ، مگر آپ 70 سالوں میں تمیز نہیں سیکھ سکے۔ آپ سیاسی انتقام میں اتنے اندھے ہو گئے ہیں کہ آپ کو پتا نہیں ہوتا کہ آپ کیا کہہ رہے ہیں۔ کس کو کس طرح سے مخاطب کرنا ہے ۔
وزیراعظم پر تنقید کے تیر چلاتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں کو چوہا کہتے ہیں ، مگر میرے خاندان نے لوگوں کو ان القابات سے پکارے کا سلیقہ نہیں سکھایا ہے ۔ اگر آپ نے لوگوں کہہ دیا ہے تو پھر آپ کو بھی سننا پڑے گا کہ 2018 میں آپ نے ووٹ کی پرچی کو کترا تھا، قومی اسمبلی کے اندر ووٹنگ کے عمل کو آگے کرکے آپ آئین کو کتر رہے ہیں۔ یہ وہ چوہا ہے جو لوگوں کا آٹا کھا گیا ، یہ وہ چوہا ہے جو لوگوں کی چینی کھا گیا، یہ وہ چوہا ہے جو لوگوں کا سکون کھا گیا ، اور یہ وہی چوہا ہے جو پاکستان کی ترقی کو کھا گیا ۔ آپ شہباز شریف کو شوباز شریف کہتے ہو ، مگر مری لوگ برف باری سے مرتے رہے اور آپ کو پکارتے رہے مگر آپ نہیں آئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا تاریخ کے بدترین اسکینڈل آپ کے دور حکومت کے ہیں، کیا بدتمیزی کے نئے ریکارڈ قائم کرنا امر بالمعروف ہے ۔ کیا لوگوں سے گیس ، بجلی اور روٹی چھین لینا امر بالمعروف ہے ، اسلام آباد جلسے کے لیے مذہب کارڈ استعمال کیا جارہا ہے۔ راتوں رات جیسے یہ پارٹی بنی تھی ویسے ہی ٹوٹ گئی ہے۔
تحریک عدم اعتماد پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا سب سے بڑا عدم اعتماد آپ کے اپنے پارلیمنٹیرین نے آپ کے خلاف کردیا ہے۔









