اپوزیشن سے ڈیل میں مریم نواز رکاوٹ بن گئیں، پرویز الہٰی
دنیا نیوز کے مطابق نامزد وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مریم نواز کو نہیں پسند تھا کہ 5 نشستوں والی جماعت کو کوئی عہدہ دیا جائے۔

پنجاب کے نامزد وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مریم نواز کی وجہ سے اپوزیشن کے ساتھ ڈیل نہیں ہو سکی، انہوں نے کہا کہ جن کو آن بورڈ ہونا چاہیے تھا وہ شہباز شریف کے ساتھ آن بورڈ نہیں تھے۔
دنیا نیوز کی خبر کے مطابق پرویز الہٰی نے کہا کہ مریم نواز کو پسند نہیں تھا کہ پانچ نشستیں رکھنے والی پارٹی کو کوئی عہدہ دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد میں ہم حکومت کا ساتھ دیں گے، جہانگیر ترین گروپ سے بھی معاملات طے پا گئے ہیں جبکہ ایم کیو ایم بھی ہمارے ساتھ ہے۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ کل جہانگیر ترین گروپ ہمارے پاس ملاقات کے لیے آ رہا ہے، ہمارا فطری اتحاد تحریک انصاف کے ساتھ ہی بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن معاملات کا علم باقی پارٹیوں اور رہنماؤں کو نہیں ہوتا وہ ہمیں وقت سے پہلے معلوم ہو جاتی ہیں۔
نامزد وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہباز شریف 35 سال بعد ہمارے گھر آئے تھے، ان کا اپنا مقام ہے لیکن وہ بھائی کے فیصلے تبدیل نہیں کروا سکتے۔
پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ان سے خود بذریعہ ٹیلیفون رابطہ کر کے بنی گالہ دعوت دی تھی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ آپ کو وزیراعلیٰ نامزد کر رہے ہیں، آج عمران خان نے کہا کہ آپ کی نامزدگی پر پارٹی سے بہت اچھا رد عمل مل رہا ہے۔









