علیم خان گروپ کا چوہدری پرویز الہٰی کو ووٹ دینے سے انکار
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مرکز میں (ق) لیگ کی حمایت حاصل کرنے کے لیے عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ سے الگ کرکے چوہدری پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ نامزد کیا تھا۔
وفاق کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو پنجاب حکومت میں بھی بڑا جھٹکا، علیم خان گروپ نے وزیراعظم عمران خان کے نامزد وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔
عبدالعلیم خان گروپ کے ترجمان میاں خالد محمود کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علیم خان گروپ نے ق لیگ کو وزیر اعلیٰ کا ووٹ دینے سے انکار کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی حکومت کا معاملہ ایم کیو ایم کی ہاں یا نا سے جڑ گیا
اپوزیشن سے ڈیل میں مریم نواز رکاوٹ بن گئیں، پرویز الہٰی
ترجمان علیم خان گروپ کا کہنا ہے کہ عمران خان جن القابات سے پرویز الٰہی کو بلاتے تھے ہم دہرا نہیں سکتے۔
میاں خالد محمود نے کہا کہ پہلے 4 سال ایک بے ایمان اور نکمے بزدار کو مسلط رکھا، اب پرویز الٰہی کو نامزد کر دیا جو ناقابل قبول ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے ترین اور چھینہ گروپ نے بھی پنجاب کی بدلتی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس طلب کر لیے ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان سے مسلم لیگ ق کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی تھی جس میں وزیراعظم نے پرویز الٰہی کو عثمان بزدار کی جگہ وزیراعلیٰ بنانے کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے منظور کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد میں حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا۔









