ناظم جوکھیو قتل کیس کے ملزم رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم پاکستان پہنچ گئے
کراچی ایئرپورٹ پر تین صوبائی وزرا نے جام عبدالکریم کا استقبال کیا، سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے روانہ،رکن قومی اسمبلی تحریک عدم اعتماد میں ووٹ دیں گے

ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد ملزم پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم دبئی سے پاکستان پہنچ گئے۔ تین صوبائی وزرا نے ان کا استقبال کیاجس کے بعد انہیں سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے روانہ کردیا گیا۔
ناظم جوکھیو کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم جام عبدالکریم وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور نئے وزیراعظم شہباز شریف کے انتخاب کیلیے ووٹ دیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان میں انصاف نہیں،ناظم جوکھیو کا قتل کیس واپس لیتی ہوں،بیوہ کااعلان
ناظم جوکھیو قتل کیس، مدعی مقدمہ نے بلاول بھٹو سے بڑا مطالبہ کردیا
جام عبدالکریم غیر ملکی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچے جہاں کراچی ائیرپورٹ پر صوبائی وزرا امتیاز شیخ، سہیل سیال اور شبیر بجارانی نے ان کا استقبال کیا۔ جام عبدالکریم کو امیگریشن کے بعد ایف آئی اے حکام نے ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے حوالے کیا، وہ جام عبدالکریم کو پولیس سیکیورٹی میں ایئر پورٹ سے اپنے ہمراہ لے گئے۔
رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم وزیر اعظم کے خلاف پیش کردہ تحریک عدم اعتماد میں اپنا ووٹ استعمال کرنے کیلیے وطن واپس پہنچے ہیں ۔وہ جلد اسلام آباد روانہ ہوں گے۔ یوں قتل کے کیس میں نامزد ملزم وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور نئے وزیراعظم شہبازشریف کے انتخاب میں ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔جام عبدالکریم نے 25 مارچ کو سندھ ہائیکورٹ سے ایک لاکھ روپے کے عوض 10 روزہ حفاظتی ضمانت منظو رکی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ناظم جوکھیو کی بیوہ نے اپنے شوہر کے قتل کے مقدمے میں نامزد جام عبدالکریم سمیت تمام ملزمان کیخلاف کیس واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔اس سے قبل وفاقی وزارت داخلہ نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم سمیت تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔









