روزے رکھنا دل کے مریضوں کیلیے مفید ہے، ماہر امراض قلب

ڈاکٹر حمید اللہ ملک نے کہا کہ رمضان میں تلی ہوئی اور مصالحے دار اشیا کا استعمال نقصان دہ ہوسکتا ہے، وقفے وقفے سے کھائیں۔

ملک کے مشہور ماہرِ امراض قلب ڈاکٹر حمید اللہ ملک نے کہا ہے کہ روزے رکھنا دل کے مریضوں کیلئے بہت مفید ہے اور روزے رکھنے کا کوئی نقصان نہیں ہے۔

ماہ رمضان کے حوالے سے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان میں زیادہ کھانا، تَلی ہوئی اور مصالحے دار اشیا کا استعمال نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹر حمید اللہ کا کہنا تھا کہ افطار و سحری کے دوران کم کھائیں اور وقفے وقفے سے کھائیں، دل کے مریض رمضان سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے ادویات اور کھانے کے حوالے سے مشاورت لازمی کریں۔

ماہر امراض قلب نے دل کے مریضوں اور 35 برس سے زائد عمر کے افراد کو ہدایت کی کہ افطار کے بعد زیادہ کھانے، مصالحے اور تلی ہوئی اشیاء سے پرہیز کریں تاکہ پیچیدگی نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماہ رمضان میں زیادہ میٹھا کھانے سے ذیابطیس اور مصالحے والی اشیاء سے بلڈ پریشر بڑھ سکتا ہے لہذا احتیاط کریں۔

انہوں نے کہا کہ دل کے مریض افطار کے بعد ہلکی غذا لیں اور واک لازمی کریں۔

متعلقہ تحاریر