قومی سلامتی کمیٹی عمران بچاؤ کمیٹی نہیں، ادارے وضاحت دیں، مریم نواز

نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے این ایس سی کو استعمال کیا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اسمبلی نہیں آئین توڑا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی عمران بچاؤ کمیٹی نہیں ہے، عسکری ادارے سامنے آکر معاملے کی وضاحت کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے این ایس سی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔

عمران خان کی حکومت جانے کی ذمہ دار مہنگائی ہے، ملکی قرضہ 25 ہزار ارب سے 50 ہزار ارب ہوگیا ہے۔

گھی اور چینی کی قیمت بڑھی، یہ سازش کس ملک نے کی؟ آٹے کی قیمت 35 سے 85 روپے ہوگئی، یہ کس ملک کی سازش ہے؟

مریم نواز نے کہا کہ ہم جب غیر ملکی سفارتکاروں سے ملاقات کرتے ہیں تو پاکستان کے قومی مفاد کی بات کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد سے بھی انہیں گھر جانا تھا، اسمبلی توڑ کر بھی ان کو گھر جانا تھا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ آئین توڑنے کی سزا آرٹیکل 6 ہے، ملک کے تمام ادارے اور سیاسی جماعتیں آئین سے جنم لیتے ہیں۔

اگر عمران خان کو آئین توڑنے کی سزا نہیں دی گئی تو کل کوئی بھی آئین کو روندتا ہوا نکل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری دونوں برابر کے مجرم ہیں لیکن عمران خان سب سے بڑا مجرم ہے۔

صدر پاکستان کو اسمبلی توڑنے کی سفارش نہیں بھیجی گئی، ان کو آئین توڑنے کی سفارش بھیجی گئی تھی۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان عبرت کا نشان ہیں، دس لاکھ لوگوں کے آنے کے دعوے کیے تھے، دس ہزار لوگ بھی اکٹھے نہ ہوسکے۔

اگلے الیکشن میں آپ غدار اور آئین توڑنے والے کا چہرا لے کر جائیں گے۔ اگر آپ کو سزا نہیں ملی تو پاکستان کی عوام آپ کو سزا دے گی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ آپ کی حکومت ختم ہوچکی ہے لیکن آپ وزیراعظم آفس میں براجمان ہیں۔

روزانہ سرکاری ٹی وی کے وسائل استعمال کرکے گھنٹوں عوام کا دماغ کھاتے ہیں، اب تو میڈیا نے بھی آپ کو دکھانا چھوڑ دیا ہے۔

عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب نہیں تھے، فرح وزیراعلیٰ تھی، فرح بنی گالہ کی فرنٹ پرسن تھی جسے راتوں رات ملک سے فرار کروا دیا گیا۔

جانوروں کی کھال والے تین تین کروڑ روپے کے ہینڈ بیگز کیسے خریدے گئے؟

پنجاب میں ہر تقرری، تبادلہ اور پروموشن یا تو جادو ٹونے سے ہوتی تھی یا پھر فرح کو پیسے دے کر۔

عثمان بزدار نے اگر کہیں کام کروایا تو صرف فرح کے کام کروائے، اس کے علاوہ کوئی کام نہیں ہوا۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم الیکشن میں ضرور جائیں گے لیکن پاکستان کے آئین کا فیصلہ ہونے کے بعد، آئین توڑنے والے کا فیصلہ ہونے کے بعد۔

متعلقہ تحاریر