تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کا سب سے زیادہ قرضے لینے کا ریکارڈ

اسٹیٹ بینک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کے قرضے 42 ہزار 761 ارب روپے سے تجاوز کرگئے، تین سال میں 18 ہزار ارب کا اضافہ ہوا۔

پی ٹی آئی دور میں وفاقی حکومت کے قرضوں کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے، وفاقی حکومت کے قرضے ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

اسٹیٹ بینک نے وفاقی حکومت کے قرضوں سے متعلق دستاویز جاری کی ہے جس کے مطابق وفاق کے قرضے 42 ہزار761 ارب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق پی ٹی آئی کی حکومت میں قرضوں میں 18 ہزار 29 ارب روپے اضافہ ہوا۔

وفاقی حکومت کے ملکی قرضے 27 ہزار705 ارب 20 کروڑ روپے ہو گئے ہیں جبکہ غیر ملکی قرضے 15 ہزار 56 ارب روپے سے بڑھ گئے ہیں۔

پی ٹی آئی دور میں وفاقی حکومت کا اندرونی قرض 10 ہزار 915 ارب روپے بڑھا جبکہ بیرونی قرض میں 7 ہزار 114 ارب روپے اضافہ ہوا۔

اگست 2018 میں وفاقی حکومت کے مجموعی قرضے 24  ہزار 732 ارب روپے کے تھے۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ان مجموعی قرضوں میں اندرونی قرضے 16 ہزار 790 ارب روپے جبکہ بیرونی قرضے 7 ہزار 942 ارب روپے تھے۔

متعلقہ تحاریر