پی ٹی آئی حکومت بحال ہونے پر اپوزیشن خوشی سے بےحال

مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے مبارک باد کے پیغامات، آئین کا بھرم قائم رہنے پر سیاسی رہنما خوش، فواد چوہدری اور شہباز گل اداس ہوگئے۔

سپریم کورٹ نے تین اپریل کو دی گئی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کالعدم قرار دے کر اسمبلی بحال کردی، 9 اپریل کو وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔

اس فیصلے پر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے شکر خداوندی ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو آئین کی سربلندی مبارک ہو۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مشہور زمانہ سیاسی نعرہ دہرایا کہ ‘جمہوریت بہترین انتقام ہے’۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام جیت گئے، اُن تمام کو مبارک جنہوں نے آئین کی بالادستی کیلیے جدوجہد کی۔

پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو نے اپنے خیالات کا اظہار تو نا کیا لیکن عدالتی فیصلے کے چند نکات لکھ دیئے۔

رہنما پیپلزپارٹی مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ یہ تاریخی فیصلہ ہے، اس سے آئین کے تحت کام کرنے والے ادارے مزید مضبوط ہوں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اپنی حکومت اور وزارت بحال ہونے کے فیصلے پر کافی افسرہ نظر آئے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل تاریخی فیصلے پر تاریخ کا سبق پڑھانے بیٹھ گئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عدالتی فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ نے ملک کے آئین کی کامیابی کے ساتھ حفاظت کی۔

متعلقہ تحاریر