نمکو پیکٹ پر اردو کیوں؟ بھارتی رپورٹر کی نرالی منطق

رپورٹر نے ہلدی رام کی اسٹور منیجر سے پوچھا کہ نمکو پیکٹ پر اردو میں ہدایات کیوں لکھی ہیں؟ سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔

بھارت کی ایک فارغ العقل ٹی وی رپورٹر نے مشہور نمکو پیکٹ پر اردو زبان میں درج ہدایات پر اسٹور منیجر کے ساتھ فضول بحث کی جس نے سوشل میڈیا پر بھی زور پکڑ لیا ہے۔

پہلے ہی بھارت میں حلال گوشت، حجاب اور اذان کو لے کر مختلف مباحثے ہو رہے تھے کہ اب ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

ٹی وی رپورٹر نمکو کمپنی ‘ہلدی رام’ کے اسٹور پر جا کر اسٹور منیجر سے پوچھ رہی ہے کہ نمکو کے پیکٹ پر اردو زبان میں ہدایات کیوں درج ہیں؟

خاتون منیجر رپورٹر کو سمجھانے کی کوشش کر رہی ہے کہ میرے پاس تین کمیونٹیز کے لوگ آتے ہیں جن کو تینوں زبانیں آتی ہیں، وہ انگریزی، ہندی اور اردو تینوں جانتے ہیں، تو اگر پیکٹ پر اردو میں ہدایات درج ہیں اس سے کسی کو کیا نقصان ہے؟

رپورٹر مستقل فضول سوالات پوچھے جا رہی ہے، کہہ رہی ہے کہ اردو میں آپ نے یہ بتانے کی کوشش تو نہیں کی کہ اس نمکو میں گائے کی چربی کا تیل استعمال کیا گیا ہے؟

اسٹور منیجر نے کہا کہ یہ ہلدی رام کا نمکو اگر آپ خریدنا چاہتی ہیں تو آپ خرید لیجیے لیکن آپ نہیں لینا چاہتیں تو بےجا سوالات نہ کیجیے۔

اس واقعے کی پورے سوشل میڈیا پر مذمت کی جا رہی ہے، کئی افراد نے کہا کہ نمکو پیکٹ پر اردو نہیں عربی زبان لکھی ہے کیونکہ یہ مشرق وسطیٰ میں برآمد کیا جاتا ہے۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے بہت سی مثالیں پیش کیں جہاں ہندی اور انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو زبان بھی استعمال کی گئی تھی جس میں ریلوے بورڈ سے لے کر بھارت کے کرنسی نوٹ تک شامل ہیں۔

اس ٹی وی رپورٹر کا تعلق سودرشن ٹی وی سے ہے جسے ماضی میں بھی سپریم کورٹ کی طرف سے اسلاموفوبیا پر مبنی پروگرام کی وجہ سے تنبیہ کی جاچکی ہے۔

متعلقہ تحاریر