گورنر خیبر پختون خوا شاہ فرمان اپنے عہدے سے مستعفی
شاہ فرمان نے کہا تھا کہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار شہباز شریف کے ملک کا وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد وہ استعفیٰ دے دیں گے۔

خیبر پختون خوا (کے پی کے) صوبہ کے 32ویں گورنر شاہ فرمان اپنے عہدہ سے مستعفی ہو گئے، شاہ فرمان نے اپنا استعفی صدر مملکت پاکستان کو بجھوا دیا۔
نیوز 360 کی خبر کے مطابق خیبر پختون خوا کے گورنر شاہ فرمان نے پیر کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور اپنا استعفیٰ صدر ڈاکٹر عارف علوی کو سونپ دیا۔
یہ بھی پڑھیے
احسن اقبال کا لیٹر گیٹ کی تحقیقات کرانے کا اعلان
سابق صدر زرداری کی قوم کو ‘یوم دستور’ پر مبارکباد
یہ پیش رفت سابق وزیر اعظم عمران خان کو عدم اعتماد کی قرارداد کے ذریعے معزول کیے جانے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔
اس سے قبل شاہ فرمان نے کہا تھا کہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار شہباز شریف کے ملک کا وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد وہ استعفیٰ دے دیں گے۔
کے پی کے گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ "شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے کے بعد میں گورنر کی حیثیت سے دستبردار ہو جاؤں گا۔”
شاہ فرمان نے کہا تھا کہ وہ گورنر ہونے کے ناطے میں شہباز شریف کو بطور وزیراعظم مطلوبہ پروٹوکول نہیں دے سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجیں گے۔
اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت جاری رہنے والے قومی اسمبلی کے اجلاس پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے بائیکاٹ کیا تھا۔
دریں اثنا، شہباز شریف ملک کے 23ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔
قاسم سوری کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کی۔
اس سے قبل آج پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی نے استعفیٰ دے دیا جب کہ پارٹی کے امیدوار برائے وزارت عظمیٰ شاہ محمود قریشی نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔









